"پی ڈی ایم ملک کو ڈیفالٹ سے نہ بچاتی تو آج پیٹرول ایک ہزار روپے لیٹر ہوتا"

ہم نے پاکستان کے درد کی خاطر خلوص سے اپنی سیاست کی قربانی دی، لکھ کر دیتا ہوں کہ انتخابات میں کامیاب ن لیگ ہی ہو گی، نواز شریف کا خطاب

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری پیر 18 ستمبر 2023 23:33

"پی ڈی ایم ملک کو ڈیفالٹ سے نہ بچاتی تو آج پیٹرول ایک ہزار روپے لیٹر ..
لندن (اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 18 ستمبر 2023ء) قائد مسلم لیگ ن اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے دعوی کیا ہے کہ اگر پی ڈی ایم ملک کو ڈیفالٹ سے نہ بچاتی تو آج پیٹرول ایک ہزار روپے لیٹر ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے درد کی خاطر خلوص سے اپنی سیاست کی قربانی ہم نے دی، لکھ کر دیتا ہوں کہ انتخابات میں کامیاب ن لیگ ہی ہو گی۔ پنجاب کے پارٹی عہدیداروں کے گرینڈ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ کے سربراہ نے کہا کہ بعض نقصانات زندگی میں پورے ہوجاتے ہیں لیکن بعض کا ازالہ ممکن نہیں ہوتا، پاکستان کی تاریخ میں اتنی تلخیاں نہیں آنی چاہیے تھیں، جتنی لائی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ کون لوگ ہیں جنہوں نے آج پاکستان کا یہ حشر کر دیا ہے، آج غریب روٹی کو ترس رہا ہے، ملک کو اس حال تک کس نے پہنچایا ہے؟عوام روٹی کھائیں، بجلی کا بل ادا کریں یا دوائی خریدیں؟ نواز شریف نے کہا کہ قوم کو اس حالت تک پہنچانے والے کردار اور چہرے ہمارے سامنے ہیں، ہمارا تو ایک منٹ میں احتساب ہوتا ہے، ملک وقوم کو اس حال کو پہنچانے والوں کا احتساب بھی ہوگا؟ اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے ہمارے دور میں ملک ایٹمی قوت بنا، ملک کو جوہری قوت بنانے والے شخص کو جلا وطن کیا جاتا ہے، جیلوں میں ڈالا جاتا ہے اور دہشت گردی کی عدالت سے 27 سال کی سزا سنائی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ جو شخص ملک کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلاتا ہے، چار جج بیٹھ کر کروڑوں عوام کے مینڈیٹ والے وزیراعظم کو گھر بھیج دیتے ہیں، اس کے پیچھے جنرل باجوہ اور جنرل فیض تھے، اور جنرل باجوہ اور جنرل فیض کے آلہ کار ثاقب نثار اور آصف سعید کھوسہ تھے۔ نواز شریف نے کہا کہ تباہی کی اس حالت پر پہنچانے والے سب سے بڑے مجرم ہیں، 70 سال میں اتنا بڑا جرم کسی نے نہیں کیا ہو گا کہ25 کروڑ عوام کے ملک کو ڈیفالٹ کے کنارے لا کر کھڑا کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ملک کو ڈیفالٹ سے نہ بچاتی تو آج ملک میں پٹرول ایک ہزار روپے لیٹر ہوتا، ہم نے اپنا سیاسی سرمایہ داؤ پر لگا کر پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا ہے۔ قائد ن لیگ نے کہا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے کی قیمت ہم نے ادا کی ہے، پاکستان کے درد کی خاطر خلوص سے یہ قربانی ہم نے دی ہے، لکھ کر دیتا ہوں، ان شاءاللہ انتخابات میں کامیاب بھی آپ ہی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پہلے بھی معاملہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑا تھا، اب بھی اللہ تعالیٰ پر چھوڑا ہے، میرے دل میں خوف خدا اور پاکستان کی محبت کا جذبہ تھا اور ہے۔