Live Updates

"عمران خان کو صرف 15سے 18فیصد لوگ ووٹ دینا چاہتے ہیں"

چیئرمین پی ٹی آئی کے خیالات کے بارے میں کہتا رہا ہوں کہ سیاست کیلئے ناسور ہے، ان کے ساتھ سیاست چل ہی نہیں سکتی، سینئر لیگی رہنما کی گفتگو

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری بدھ 27 ستمبر 2023 23:58

"عمران خان کو صرف 15سے 18فیصد لوگ ووٹ دینا چاہتے ہیں"
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 ستمبر 2023ء) سینئر لیگی رہنما اور سابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے دعوی کیا ہے کہ عمران خان کو صرف 15سے 18فیصد لوگ ووٹ دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے نجی ٹی وی چینل ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خیالات کے بارے میں کہتا رہا ہوں کہ سیاست کیلئے ناسور ہے، ان کے ساتھ سیاست چل ہی نہیں سکتی۔

رہنما ن لیگ کا سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی سے متعلق کہنا تھا کہ لوٹ مار کی بھی کوئی حد ہوتی ہے ، کیسے ڈالر جہاز میں بھر کر لے گئے، پرویز الہٰی سے بھی کوئی پوچھے جو اتنی لوٹ مار کی ، جس بھی شخص کو پکڑا جائے اسے سامنے لانا چاہیے۔ سابق وفاقی وزیرداخلہ رانا ثنااللہ نے کہا کہ نگران وزیرداخلہ سرفراز بگٹی کا بیان سیاق و سباق سے ہٹ کر چلایا گیا، نگران وزیرداخلہ نے کہا نواز شریف کیساتھ آئین و قانون کے تحت سلوک ہو گا۔

(جاری ہے)

نگران وزیر داخلہ کی وضاحت کو ن لیگ نےقبول کیا ہے ، سرفراز بگٹی نے کہا میرے پورے انٹرویو کو نہیں سنا گیا۔ ردعمل پر سرفراز بگٹی سے رابطہ کیا تھا۔ لاہورمیں مینار پاکستان پر جلسے کے حوالے سے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ 10لاکھ لوگوں کا نکلنا کوئی بڑا فگر نہیں ہیں۔ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ ہم نے نواز شریف کی واپسی پر پوری تیاری کر رکھی ہے، نواز شریف کی ضمانت کیلئے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دی جائے گی، 2008میں جو حالات تھے جنرل کیانی کے آنے سے مکمل تبدیل ہو گئے تھے۔

اس ملک میں احتساب پر ہی سیاسی بیانیے چلتے رہے ہیں ، پہلے سیاسی بیانیہ کیلئے ملک کی ترقی کو لے کر چلا جائے گا۔ ادھر سینئر لیگی رہنما جاوید لطیف نے بتایا کہ قائد ن لیگ نواز شریف نے کہا ہے میرے استقبال کیلئے کوئی نہ آئے، میں کون سی چیز فتح کر کے آ رہا ہوں۔ نواز شریف نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں ساڑھے 7کروڑ لوگ 2 وقت کی روٹی کیلئے پریشان ہیں، میری قوم بھوک میں ہے اور ہم ڈھول کی تھاپ پر جشن منائیں۔

رہنما ن لیگ میاں جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی ڈکشنری میں ڈیل نہیں ہے،نواز شریف نے اداروں کوکبھی ریاست مخالف نہیں سمجھا، نواز شریف آئین و قانون کے تحت کام کرنے والی کو سراہتا ہے، ہم کسی شخص ، ادارے یا کسی جماعت سے غیر آئین و قانونی توقع نہیں رکھتے، ہم چاہتے ہیں کہ 2018کی طرح الیکشن نہ ہوں، ہم چاہتے ہیں کہ ہر سیاسی ورکر کو حصہ ملے اور صاف و شفاف الیکشن ہوں۔

ہم نیوز کے پروگرام میں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ نواز شریف بھی مہنگائی سے پریشان ہیں اور ان کے پاس حل بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خود احتسابی کا طریقہ کار موجود ہونے کے باوجود احتساب نہیں ہو گا تو انگلیاں اٹھیں گی، آئین و قانون کے تحت احتساب کرنے والے لوگ بھی محفوظ نہیں ہیں، احتساب کرنے والوں کیخلاف بھی ریفرنس آ جاتا ہے۔ سیاست دان تو پہلے سے ہی غیر محفوظ ہیں ، اگر ریاستی اداروں بھی غیر محفوظ ہو جائیں تو کیا احتساب نہیں ہونا چاہیے؟کیا ان کا احتساب نہیں ہونا چاہیے جنہوں نے بغاوت کیلئے لوگوں کو اکسایا۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کی جانب سے وطن واپسی سے قبل سعودی عرب جانے کا امکان ہے۔ شریف کی وطن واپسی کے معاملے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ امکان ہے وہ وطن واپسی سے قبل مشرق وسطی کے تین ممالک کا دورہ کریں گے۔پارٹی ذرائے کے مطابق نواز شریف پاکستان پہنچنے سے قبل سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر کا دورہ کر سکتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات