جماعت اسلامی کراچی گورنر ہائوس کے سامنے 6اکتوبر کو دھرنا دے گی،قیصر شریف

پیر 2 اکتوبر 2023 19:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 اکتوبر2023ء) سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ بجلی ٹیرف میں بے تحاشا اضافہ اور مہنگائی کی مجموعی صورت حال کے خلاف جماعت اسلامی کراچی گورنر ہائوس کے سامنے 6اکتوبر کو دھرنا دے گی۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق تاریخی احتجاج سے خطاب کریں گے۔ حکومت کو بجلی کی قیمتوں میں کمی پر مجبور کیا جائے گا، عوام کو ریلیف نہ ملنے تک پرامن جمہوری جدوجہد جاری رہے گی۔

(جاری ہے)

منصورہ سے جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ حکومت فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ٹیرف میں مزید اضافہ کر دیا ہے، ڈالر اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فوائد عوام تک نہیں پہنچے۔ حکمرانوں کا ہاتھ عوام کی جیبوں پر اور پائوں گردن پر ہے۔ جماعت اسلامی نے 2ستمبر کی ملک گیر شٹرڈائون ہڑتال سے بجلی ٹیرف میں اضافہ کے خلاف احتجاجی تحریک کا آغاز کیا تھا، اس سلسلے میں جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں، فیصل آباد اور راولپنڈی میں بھرپور عوامی مظاہرے ہوئے اور پشاور، لاہور اور کوئٹہ کے گورنر ہائوسز کے سامنے پرامن دھرنوں کا انعقاد بھی کیا گیا۔ 6اکتوبر کا دھرنا ہر لحاظ سے تاریخی ہو گا جس میں کراچی کے عوام کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔