مظفرآباد،مرکز ی سیرت مصطفی کمیٹی کے زیر اہتمام طوفان الاقصیٰ ریلی نکالی گئی

جمعہ 20 اکتوبر 2023 20:52

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اکتوبر2023ء) مرکز ی سیرت مصطفی کمیٹی کے زیر اہتمام طوفان الاقصیٰ ریلی نکالی گئی۔ مظاہرے اور ریلی کی کال مرکزی سیرت مصطفی کمیٹی نے دی تھی ۔ ممبرقانون ساز اسمبلی و چیئرمین وزیر اعظم معائنہ و عملدرآمد کمیشن مولانا پیر مظہر سعید شاہ ،مرکزی سیرت مصطفی کمیٹی کے چیئرمین مولانا عتیق الرحمان دانش ،سیکرٹری جنرل مولانا قاری عبدالماجد ،مولانا مسعود الیاس،مولانا عبدالعزیز ،عظمت حیات جمعیت علماء اسلام کے مرکزی نائب امیر مفتی محمد ابراہیم عزیز،ضلعی امیر مولانا سید عدنان علی شاہ ،پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری ریکارڈ شوکت جاوید میر،حریت کانفرنس کے نمائندہ مشتاق الاسلام ،پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی ،سید صادق شاہ ،اہلسنت و الجماعت کے مولانا شاہدجھنگوی،مرکزی علماء کونسل کے صدر ممتاز الحق قاسمی سمیت دیگر مقررین نے ریلی و مظاہرہ سے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ پاکستان سمیت خلیجی ممالک غزہ کے محصور مسلمانوں کی مدد کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں،اقوام متحدہ کا کردارکشمیر اورفلسطین کے بارے میں انتہائی شرمناک ہے،او آئی سی اورعرب لیگ کو بھی غیرت کا حمیت کا مظاہرہ کرنا چاہیے اوراسرائیل کے خلاف اس طرح اقدامات اٹھائے جائیں جس طرح امریکہ،برطانیہ،فرانس ،جرمنی نے اسرائیل کے ساتھ کھل کر تعاون کیا۔

جمعہ کے اجتماعات میں تمام مساجد میں فلسطین پر اسرائیل کے وحشیانہ حملے اور ہسپتالوں پر بمباری سمیت خواتین ،بچوں اور زخمیوں پر بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔مرکزی جامع مسجد مکہ شاہناڑہ قدیمی مرکزی جامع مسجد سلطانی ،جامع مسجد یونیورسٹی ،جامع مسجد سیکرٹریٹ،جامع مسجد طیبہ ،سنگڑی میرا،شوائی ،چہلہ بانڈی ،گوجرہ سمیت شہر بھر کے مساجد سے جلوس گیلانی چوک پہنچے ۔مظاہرے کے اختتام پر اسرائیل کا پرچم بھی نذر آتش کیا گیا ۔