8 فروری کو عوام کرپٹ قیادت کا یوم حساب بنادیں،محمد حسین محنتی

سیاست کو خدمت کی بجائے کرپشن کا ذریعہ بنانے سے ملک بے شمار مسائل سے دوچار ہے،امیر جماعت اسلامی سندھ

بدھ 29 نومبر 2023 21:01

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2023ء) امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ سیاست کو ملک وقوم کی خدمت کی بجائے کرپشن وذاتی مفادات کی تکمیل کا ذریعہ بنانے سے آج ملک مہنگائی سمیت بے شمار مسائل کا شکار ہے، ایک طرف غریب آدمی کیلئے سانس لینا مشکل تو دوسری جانب ایوان بالا میں ارکان سینیٹ کی جانب سے گورنر اسٹیٹ بینک کی تنخواہ 40لاکھ روپے اور اسلام آباد میں سرکاری دفاتر ورہائش گاہوں کو 10 ارب کی بجلی مفت فراہم کرنے کے انکشافات ظلم وناانصافی کے مارے عوام کے زخموں پر نمک پاشی ہے۔

اس فرسودہ وظالمانہ نظام کی وجہ سے امیرامیرتر اورغریب غریب ترہوتا جارہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میہڑ،ڈرگھ بالا، جوہی اور جام خان ببر میں اجتماعات سے خطاب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی نائب امیر حافظ نصراللہ چنا، امیر ضلع عبدالرحمن منگریو نے بھی خطاب کیا۔صوبائی امیر نے مزید کہا کہ 08فروری کو کرپٹ قیادت یومِ حساب کا دن ہے، عوام اس بار مخلص ودیانتدار قیادت کو منتخب کرکے سندھ کی خوشحالی کی راہ ہموار کریں۔

تینوں پارٹیوں نے مل کر ملک کو لوٹا سولہ ماہ کی پی ڈی ایم حکومت کو بھی عوام نے دیکھ لیا، جو اب کہ رہے ہیں کہ ملک کو ابو بچائیں گے عوام کو بتائیں کہ اس سے پہلے کون اقتدار میں تھا اس لئے پاکستان کو بحرانوں سے صرف جماعت اسلامی کی مخلص ودیانتدار قیادت ہی نکال سکتی ہے اسلئے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔صوبائی امیرنے جوہی برانچ میں سیلاب متاثرین کو گھرتعمیرکرکے حوالے کرنے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت نے سیلاب متاثرین کو بے یارومددگار چھوڑدیا ،ڈیڑھ سال گذرجانے کے باوجود متاثرین کو ایک گھربھی تعمیرکرکے نہیں دیا جبکہ دنیابھر سے آنیوالے امدادی سامان کی بھی بندربانٹ کی مگران کو یادرکھنا چاہئے کہ اللہ کی لاٹھی بے آوازہے غریبوں کا حق کھانے والے کبھی سکون کی زندگی نہیں گذاریں گے۔