کراچی سمیت اندرون سندھ کے علاقوں میں بدترین حالات ہیں،ڈاکٹر فاروق ستار

اگر پاکستان کو چلانے والوں نے اس شہر کے بنیادی مسائل حل نہ کئے تو یہ پاکستان کی ترقی روکنے کے مترادف ہوگا،ایم کیو ایم پاکستان ناظم آباد ٹائون یوسی 46 کے انتخابی آفس کے افتتاحی تقریب سے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار کا خطاب

ہفتہ 2 دسمبر 2023 20:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2023ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان ناظم آباد ٹان کی جانب سے یوسی 46 کے انتخابی آفس کا افتتاح کردیا گیا۔افتتاحی تقریب سے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کے ہر اول دستہ میں ناظم آباد والوں کا شمار ہوتا ہے ایم کیو ایم ایک نظریاتی تحریک ہے اسکی اساس ناظم آباد ہے ایم کیو ایم کے کئی پاور بینک ہیں لیکن ناظم آباد کو ممتاز حیثیت حاصل ہے اور یہ علاقہ مہاجر وزیر اعظم خواجہ ناظم الدین کے نام پر بسایا گیا تھا، ناظم آباد کے بغیر ایم کیو ایم کی تاریخ مکمل نہیں ہوتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی ہمارے دور میں دنیا کے تیزی سے ترقی کرنے والے شہروں میں شامل تھا لیکن آج کراچی سمیت اندرون سندھ کے علاقوں میں بدترین حالات ہیں آج کراچی ماحولیاتی آلودگی کا شکار ہے کراچی کی فضائی آلودگی دنیا کے بڑے شہروں میں سب سے زیادہ ہے، سندھ میں انسان کے رہنے لائق سہولیات نہیں کراچی چلتا ہے تو پورا پاکستان اور اسلام آباد چلتا ہے اگر پاکستان کو چلانے والوں نے اس شہر کے بنیادی مسائل حل نہ کئے تو یہ پاکستان کی ترقی روکنے کے مترادف ہوگا کراچی کو سالانہ 400 ارب اربن انفراسٹرکچر کو ڈیولپمنٹ کے لئے چاہئے مقامی حکومت کی خود مختاری، ٹیکسوں کی منصفانہ تقسیم اس شہر میں ترقی کی راہ کھول سکتا ہے، شہر کراچی عالمی مالیاتی اداروں کے قرضوں سے چھٹکارا دلانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ہم ایک بار پھر کراچی کی عظمت کو بحال کرنے جا رہے ہیں ایک ایم کیو ایم قائم کرنے کا پھرسے موقع آرہا ہے جس نے پورے پاکستان کو بتایا تھا کہ مڈل کلاس کی نمائندگی ہم کرتے ہیں اب کراچی کے تمام زبانیں بولنے والوں کی بڑی تعداد جوق در جوق ایم کیو ایم میں شامل ہو رہی ہے، ہماری سیٹوں کی 2018 میں چائنہ کٹنگ کی گئی تھی لیکن ہم اس بار کراچی کی تمام 22 نشستیں حاصل کریں گے، آج حلقہ بندیوں کا فیصلہ آیا ہے، ایک بار پھر مینڈیٹ پر شب خون مارنے کی تیاری ہے حکمران سن لیں سکھر، میرپور خاص، نوابشاہ سمیت تمام سندھ کی قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستیں پتنگ کی ہوں گی شہر کے حصے کی سرکاری نوکریاں جو وڈیروں نے غضب کر لیں، ان سے چھین کر عوام کو دیں گے ، لاپتہ ساتھیوں کے واپس آنے کی خوشخبری الیکشن سے پہلے ملنا شروع ہو جائے گی ہمارے سندھی بولنے والے بھائی وڈیروں کے چنگل سے آزاد ہوں گے، اب ہمیں مقامی حکومتوں کی مکمل خودمختاری چاہئے، جب ہر شہری کام کرے گا، نوجوان خود مختار ہوں گے تو آئی ایم ایف سے چھٹکارا حاصل ہوگا۔

اس موقع پر اراکین رابطہ کمیٹی ، سی او سی کے ذمہ داران ، اراکین ٹان و یوسی کمیٹی ، حق پرست عوام اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔