Live Updates

شاہ محمود قریشی نے سائفر کیس میں صدر عارف علوی کو طلب کرنے کی درخواست کردی

صدر عدالت میں حلف دے کر بتائیں انہوں نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کا ترمیمی قانون منظور کیا یا نہیں، رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری ہفتہ 2 دسمبر 2023 23:46

شاہ محمود قریشی نے سائفر کیس میں صدر عارف علوی کو طلب کرنے کی درخواست ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 2 دسمبر2023ء) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے سائفر کیس میں صدر عارف علوی کو طلب کرنے کی درخواست کردی۔ انہوں نے کہا کہ صدر حلف دے کر بتائیں انہوں نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کا ترمیمی قانون منظور کیا یا نہیں۔ سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے صدر عارف علوی کو طلب کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ بتایا جائے ٹرائل آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے کس قانون کےتحت کیاجارہاہے؟ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے سائفر کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں کی۔

ایف آئی اے کے اسپیشل پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی عدالت میں پیش ہوئے جبکہ عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے وکلا بھی عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے عدالت کو کہاکہ صدر مملکت عارف علوی کو عدالت طلب کیا جائے، وہ عدالت میں حلف دے کر بتائیں انہوں نے آفیشل سیکرٹ ایکٹ کا ترمیمی قانون منظور کیا ہے۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے جج کا کہنا تھاکہ صدر مملکت نے جو قانون منظور کیا ہے اس کی کوئی شک آپ کے کیس میں لاگو نہیں ہورہی، آپ کا ٹرائل آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی شق پانچ اور شق 9 کے تحت ہوگا، عدالت میرٹ پر اپنی کارروائی کررہی ہے۔

سماعت کے دوران شاہ محمود قریشی نے عدالت کو کہا کہ ہمارے پروڈکشن آرڈر پر جیل انتظامیہ نے حکم عدولی کی ہے، ہماری ضمانت پر انتظامیہ نے عدالت میں ریکارڈ پیش نہیں کیا، ہمیں اس کیس میں ٹرائل کرنے کوشش جاری ہے جس کا نہ سر ہے نہ پیر۔ ادھر عمران خان نے سائفر کیس سننے والی خصوصی عدالت میں بیان دیا کہ بطور وزیراعظم سائفر کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دیا، اس میں جو لوگ ملوث ہیں وہ طاقتور ہیں انہیں بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں بکریوں کی طرح بند کر دیا گیا نواز شریف کو وہاں سے یہاں لے آئے ہیں۔ اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی سماعت پیرتک ملتوی کردی گئی، آج کی سماعت میں میڈیا نمائندگان اور عوام کو داخلے کی اجازت نہیں دی گئی سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ،بہنیں اورشاہ محمود کی فیملی بھی کمرہ عدالت میں موجود تھیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات