سموگ کا خاتمہ نہ ہوسکا‘ لاہور کا فضائی آلودگی میں آج بھی دوسرا نمبر

آج اتوار کے روز صوبائی دارالحکومت کا ایئر کوالٹی انڈیکس 320 ریکارڈ کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی اتوار 3 دسمبر 2023 11:33

سموگ کا خاتمہ نہ ہوسکا‘ لاہور کا فضائی آلودگی میں آج بھی دوسرا نمبر
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 03 دسمبر 2023ء ) صوبہ پنجاب میں سموگ کا خاتمہ نہ ہوسکا اور لاہور فضائی آلودگی میں آج بھی دنیا بھر میں دوسرے نمبر پر رہا۔ تفصیلات کے مطابق آج اتوار کے روز لاہور شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس 320 ریکارڈ کیا گیا، لاہور کے بعد کراچی بھی سموگ کی لپیٹ میں ہے، شہر قائد میں فضائی آلودگی کی شرح 244 ہوگئی، فضائی آلودگی کے باعث شہریوں کا سانس لینا بھی محال ہو چکا ہے، طبی ماہرین نے لوگوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کردی۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے، پنجاب، خیبرپختونخوا، بالائی سندھ میں اسموگ، دھند کا امکان ہے، اسلام آباد میں موسم سرد اور خشک رہے گا، مری، گلیات اورگردونواح میں موسم سرد اورمطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

ببتایا گیا ہے کہ لوچستان میں موسم خشک جبکہ شمالی اضلاع میں سرد رہے گا، سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک رہے گا، کشمیراور گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کا امکان ہے، کالام، قلات میں درجہ حرارت منفی 3 ڈگری جب کہ اسلام آباد میں کم دے کم درجہ حرارت 6 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔

محکمہ اسکولز ایجوکیشن پنجاب نے موسم سرما کی چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب بھر کے نجی و سرکاری تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی تعطیلات 18 دسمبر سے شروع ہوں گی اور تمام اسکولز موسم سرما کی تعطیلات کے باعث یکم جنوری تک بند رہیں گے، چھٹیوں کے بعد پنجاب بھر کے اسکول 2 جنوری سے معمول کے مطابق کھل جائیں گے۔

اسی طرح صوبہ سندھ میں بھی موسم سرما کی تعطیلات کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، محکمہ تعلیم سندھ کے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر کے تعلیمی اداروں میں 22 سے 31 دسمبر تک تعطیلات ہوں گی، موسم سرما کی تعطیلات کا اطلاق سندھ کے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں پر ہوگا، محکمے کی سالانہ اسٹیرنگ کمیٹی کے فیصلے کے تحت تعطیلات کی جارہی ہیں، کراچی سمیت سندھ بھرمیں نجی و سرکاری تعلیمی ادارے یکم جنوری سے دوبارہ کھلیں گے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے رواں موسم سرما میں معمول یا معمول سے زیادہ بارشیں ہو سکتی ہیں، ملک بھر میں درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کا امکان ہے، ملک کے مغربی اور شمال مغربی علاقوں میں معمول سے زیادہ بارش متوقع ہے، بلوچستان، خیبرپختونخوا میں معمول سے زیادہ بارشوں کا امکان ہے، بالائی پنجاب اور کشمیر میں معمول سے قدرے زیادہ بارش ہوگی، جنوب مغربی بلوچستان، بالائی خیبر پختونخواہ میں معمول سے زیادہ درجہ حرارت رہنے کا امکان ہے، گلگت بلتستان میں بھی معمول سے زیادہ درجہ حرارت رہنے کی توقع ہے، رواں مہینے شمال مغربی خیبر پختونخواہ میں معمول سے قدرے زیدہ بارشیں ہوں گی جبکہ اونچے پہاڑوں پر برف باری ہوسکتی ہے۔