الیکشن میں تاخیر نہیں ہو گی، سپریم کورٹ کا متفقہ فیصلہ ہے ،عطا تارڑ

جمعہ 8 دسمبر 2023 17:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2023ء) مسلم لیگ (ن ) کے مرکزی رہنما عطا تارڑ نے کہا ہے کہ الیکشن میں تاخیر نہیں ہو گی، سپریم کورٹ کا متفقہ فیصلہ ہے ،پیپلز پارٹی کے پاس پنجاب کے ہر حلقے میں امیدوار نہیں ہیں ،سابق چیئرمین پی ٹی آ ئی نے قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز یہاں لاہور ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

عطا تارڑ نے کہا کہ انتخابات میں کوئی تاخیر نہیں ہو گی کیونکہ یہ سپریم کورٹ کا متفقہ فیصلہ ہے ،عام انتخابات 8 فروری 2024ء کو ہی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے الیکشن کی بروقت حکمت عملی تیار کر لی ہے،مسلم لیگ (ن ) کو وفاق اور صوبوں میں اکثریت لینے میں کو ئی مشکل پیش نہیں آ ئے گی ،ہماری قیادت نے سندھ اور بلوچستان کے دورے کر کے سیاسی جماعتوں سے اتحاد کیا ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ہمارے لئے قابل احترام ہیں، خواہشات رکھنے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ القادر ٹرسٹ قومی خزانے پر سب سے بڑا ڈاکہ ہے ، اس کیس میں سابق چیئرمین پی ٹی آ ئی کو سزا سے بچانا مشکل ہے۔