آٹھ فروری کا سورج پیپلز پارٹی کی فتح کی نوید لے کر طلوع ہوگا، مخدوم احمد محمود

جمعہ 8 دسمبر 2023 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2023ء) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ آٹھ فروری کا سورج پیپلز پارٹی کی فتح کی نوید لے کر طلوع ہوگا، بلاول بھٹو زرداری ہی آئندہ ملک کے وزیراعظم ہوں گے، جنوبی پنجاب میں پیپلز پارٹی سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئے گی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مخدوم ہاؤس لاہور میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی شہیدوں کی جماعت ہے، اس جماعت کے لیڈروں نے عوام کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے دئیے ہیں، عوام انہیں فراموش نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جب بھی پیپلز پارٹی کی حکومت آئی، مہنگائی کنٹرول میں رہی، بیروزگاری کم ہوئی اور سب سے بڑھ کر ملکی معیشت مضبوط ہوئی، بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا اور تاریخ گواہ ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 150 فیصد اضافہ پیپلز پارٹی کے دور میں ہی ہوا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہ کہا کہ آج بھی لاکھوں گھرانوں میں بے نظیر پروگرام کے تحت مالی امداد سمیت دال، چینی، گھی، راشن کا مسئلہ حل ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی 30 نومبر کو کوئٹہ میں پارٹی کے 56 ویں یوم تاسیس کے تاریخی جلسہ میں بلاول بھٹو زرداری نے حکومت ملنے کی صورت میں ملازمین، مزدوروں، کسانوں، متوسط طبقات سے تعلق رکھنے والے خاندانوں خواتین اور بالخصوص نوجوانوں کے لیے انقلابی اقدامات کا وعدہ کیا ہے۔