استحکام پارٹی نے ن لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے حلقوں اور امیدواروں کی لسٹ بنالی

آئی پی پی کی قیادت آج رات تک سیٹ ایڈجسٹمنٹ والی فہرست مسلم لیگ ن کی قائم کردہ کمیٹی کے حوالے کردے گی۔ ذرائع

Sajid Ali ساجد علی اتوار 10 دسمبر 2023 12:14

استحکام پارٹی نے ن لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے حلقوں اور امیدواروں کی ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 10 دسمبر 2023ء ) استحکام پاکستان پارٹی نے مسلم لیگ ن سے سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کیلئے حلقوں اور امیدواروں کی لسٹ بنا لی، استحکام پاکستان پارٹی کے اجلاس میں مسلم لیگ ن کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے فیصلے کی توثیق کر دی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کی کمیٹی کی جانب سے مسلم لیگ ن کے ساتھ سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کے لئے حلقوں اور امیدواروں کی فہرست مرتب کر لی گئی ہے، ذرائع کا کہناہے کہ اسحاق خاکوانی، عون چوہدری اور نعمان لنگڑیال پر مشتمل آئی پی پی کمیٹی نے قیادت اور پارٹی رہنماؤں کی مشاورت سے فہرست مرتب کی، آئی پی پی کی قیادت آج رات تک سیٹ ایڈجسٹمنٹ والی فہرست مسلم لیگ ن کی قائم کردہ کمیٹی کے حوالے کر دے گی۔

ذرائع کی جانب سے بتایا جارہا ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی قومی اسمبلی کی 20 نشستوں پر سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کی فہرست مسلم لیگ ن کے حوالے کرے گی، قومی اسمبلی کے 19 حلقے پنجاب اور ایک کا تعلق کراچی سے ہے، آئی پی پی پنجاب اسمبلی کے 44 حلقوں میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی خواہش مند ہے، مسلم لیگ ن قومی اسمبلی کے جن حلقوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ سے معذرت کرے گی ان حلقوں میں صوبائی سیٹ پر ایڈجسٹمنٹ کی ڈیمانڈ کی جائے گی۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے ن لیگ اور استحکام پارٹی کی چھ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، کمیٹی میں ن لیگ سے رانا ثنا ء اللہ ،ایاز صادق اور خواجہ سعد رفیق شامل ہیں، استحکام پارٹی سے عون چوہدری،اسحق خاکوانی اور نعمان لنگڑیال پر مشتمل تین ارکان کمیٹی میں شامل ہے، یہ کمیٹی سیٹ ایڈجسٹمنٹ بارے فارمولہ اور امیدوار کا چناؤ کریں گے، دونوں جماعتوں کی قائم کردہ کمیٹیز کا آئندہ اجلاس پیر ہونے کا امکان ہے، کمیٹیز کی ورکنگ کے بعد شہباز شریف اور جہانگیر ترین کی ایک اور ملاقات میں ایڈجسٹمنٹ کو حتمی شکل دی جائے گی۔