لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی‘ کسی جماعت کو طاقت کے زور پر باہر نہ کیا جائے، قمر زمان کائرہ

پی ٹی آئی کے کچھ لوگ اگر کیسز میں ملوث ہیں تو کیسز کا جلد ٹرائل ہونا چاہیئے، جزا و سزا کا فیصلہ عدالتوں سے ہو، اگر کسی نے قانون توڑا ہے تو شفاف طریقے سے کارروائی ہو۔ پی پی رہنماء کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی اتوار 10 دسمبر 2023 17:23

لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی‘ کسی جماعت کو طاقت کے زور پر باہر نہ کیا ..
منڈی بہاؤالدین ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 10 دسمبر 2023ء ) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا کہ کسی جماعت کو طاقت کے زور پر سیاسی عمل سے باہر نہیں کرنا چاہیئے، نواز شریف کو لندن روانگی کے وقت سے ہی فیور دی جارہی ہے۔ آبائی علاقے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سمیت کئی لوگوں کا شکوہ ہے کہ انہیں لیول پلیئنگ فیلڈ نہیں مل رہی، پاکستان میں سب کو سیاست کرنے کا حق ملنا چاہیئے، پی ٹی آئی کے کچھ لوگ اگر کیسز میں ملوث ہیں تو کیسز کا جلد ٹرائل ہونا چاہئے، جزا اور سزا کا فیصلہ عدالتوں سے ہونا چاہئے، اگر کسی نے قانون توڑا ہے تو شفاف طریقے سے کارروائی کی جائے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی کسی جماعت سے کوئی سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کررہی، ق لیگ، آئی پی پی، ایم کیو ایم سے ایڈجسٹمنٹ کیسے ہوتی ہے یہ بتانے کی ضرورت نہیں، پیپلزپارٹی نے عوام کے سہارے کے علاوہ کبھی کوئی سہارا نہیں لیا۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میرا نقطہ نظر ہے کہ میاں نوازشریف کے لئے صفیں ہموار ہورہی ہیں،عوام کو چاہیئے مہنگائی کا ذمہ دار سسٹم اور فیصلہ سازی کو سمجھیں، عوام الیکشن میں فیصلہ کریں گے کہ وہ مہنگائی کا ذمہ دار کس کو ٹھہراتے ہیں، حکومتی اتحاد کے اندر سیاسی لینگوئج مختلف ہوتی ہے، انگلستان میں بھی جماعتیں اتحاد میں ہوتی ہیں لیکن جب الیکشن میں جاتی ہیں تو وہاں آپس میں اختلافات ہوتے ہیں ان کی لینگوئج بھی تلخ ہوجاتی ہے۔

قمر زمان نے کہا کہ ایک نقطہ نظر وہ ہے جو ایک مخالف سیاسی جماعت کے طور پر ہم کہہ رہے ہیں ، ہوسکتا ہے کہ ہمارا نقطہ نظر حالات کے تابع ہو لیکن میاں نوازشریف کے لاڈلہ ہونے پر میڈیا کیا کہتا ہے؟ باقی جماعتیں کیا کہتی ہیں؟ آج کی صورتحال میں پیپلزپارٹی اپنا بیانیہ سامنے رکھ رہی ہے، میں تو کہتا ہوں میاں نوازشریف کے لئے صفیں ہموار ہورہی ہیں، ہمارا نقطہ نظر بیان کرنا الگ ہے، ہم سب کہتے ہیں کہ ریاست ان کو فیور کررہی ہے۔

پی پی رہنما نے کہا کہ ہم حکومت میں اتحادی ملک کی ضرورت کیلئے تھے، آج پیپلزپارٹی اپنا الیکشن لڑرہی ہے، ہم عوام کے سامنے اپنی رائے لے کر جارہے ہیں، لوگ ہماری بات کو سن کر ووٹ دیں گے، مجھے بتایا جائے کہ سیاسی جماعتوں میں حکومت کیلئے اتحاد صرف پاکستان میں ہوتا ہے؟ یا دنیا کی باقی جمہوریت میں بھی اسی طرح کی پریکٹس ہے؟ ہمسائے ہندوستان سے لے کر برطانیہ تک جہاں پارلیمانی نظام ہے کیا وہاں اتحاد نہیں بنتے؟۔