الیکشن کمیشن نے رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی تازہ ترین فہرست جاری کردی

اتوار 24 دسمبر 2023 20:40

الیکشن کمیشن نے رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی تازہ ترین فہرست جاری کردی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 دسمبر2023ء) الیکشن کمیشن نے رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی تازہ ترین فہرست جاری کردی۔الیکشن کمیشن کے پاس رجسٹرڈ سیا سی جماعتوں کی تعداد 175 ہے، پاکستان تحریک انصاف،پاک سرزمین پارٹی،جدید عوامی پارٹی کی کوئی پارٹی قیادت لسٹ میں شامل نہیں،پیر صبغت اللہ شاہ راشدی مسلم لیگ فنکشنل کے ساتھ ساتھ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے بھی سربراہ ہیں۔

الیکشن کمیشن کی ویب سائیٹ پر جاری فہرست کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف، پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ،پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز آصف علی زرداری،جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق کے نام سے رجسٹرڈ ہے۔عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد،متحدہ قومی موومنٹ پاکستان خالد مقبول،نیشنل پارٹی ڈاکٹرعبد المالک بلوچ،پاکستان عوامی تحریک قاضی زاہد حسین،پاکستان مسلم لیگ چوہدری شجاعت حسین،پاکستان مسلم لیگ زیڈ اعجاز الحق کی سربراہی میں رجسٹرڈ ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ جمیعت علماء اسلام ف مولانا فضل الرحمان ،عوامی نیشنل پارٹی اسفند یار ولی خان، پاکستان ملی عوامی پارٹی محمود خان اچکزئی،سنی تحریک احمد بلال قادری،تحریک لبیک پاکستان سعد رضوی، پاکستان سنی تحریک ثروت اعجاز قادری،بلوچستان نیشنل پارٹی اختر مینگل،بلوچستان عوامی پارٹی عبدالقدوس بزنجو کی سربراہی میں رجسٹرڈ ہے۔پاکستان تحریک انصاف انٹرا پارٹی انتخابات کالعدم ہونے کے بعد پارٹی سربراہ سے محروم ہے ۔