متحدہ علماء محاذ کے تحت سانحہ کرمان کے خلاف کراچی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ

جمعرات 11 جنوری 2024 17:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2024ء) متحدہ علماء محاذ پاکستان اور پاک سولجر پاکستان کے زیر اہتمام علامہ مرزایوسف حسین کی زیر صدارت ، مولاناانتظارالحق تھانوی کی زیر سرپرستی ،مولانا محمدامین انصاری اور مفتی وجیہہ الدین کی میزبانی میں ایران کے شہر کرمان میںشہید القدس سلیمانی کی چوتھی برسی کے اجتماع میں دہشت گردانہ دھماکوں کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔

شہید القدس سلیمانی و دیگر شہدائے فلسطین و افواج پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیاگیا مظاہرے میں شریک مختلف مکاتب فکر کے جید علماء مشائخ و سیاسی زعماء بشمول علامہ ڈاکٹر مفتی عبدالغفوراشرفی،علامہ شیخ سکندرحسین نوربخشی، صاحبزادہ محمد نعمان، علامہ حسن شریفی ، مولانا سید طاہر جمال تھانوی، مفتی اسدالحق چترالی،پاک سولجر پاکستان کے صوبائی رہنمائوں حاجی میر باز خان،سید معرفت شاہ ،تاجر رہنما مولانا جنید باڑی، حامد میر،علامہ محسن اشراقی،علامہ مرتضیٰ خان رحمانی ودیگر نے سانحہ کرمان دہشت گردی کی شدید مذمت کرتے ہوئے سانحہ کے اصل مجرم محرکین استعماری قوتوں کے خلاف اقوام متحدہ سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ امریکہ و اسرائیل دہشت گردانہ حملوں سے حماس ،حزب اللہ سمیت دیگر مزاحمت کار مجاہدین کے جذبہ حریت اور فلسطین کی جدوجہد آزادی کو ختم و کمزور نہیں کرسکتا۔شہید القدس سلیمانی و دیگر شہدائے فلسطین کی لازوال عظیم قربانیاں قبلہ اول بیت المقدس کی جلد آزادی پر منتج ہوں گی۔فلسطین صرف فلسطینیوں کا ہے دو ریاستی غیر منصفانہ شیطانی حل عدل و انصاف کا قتل اور شہداء کے خون سے غداری ہے۔

پاکستان کی ریاست ،افواج پاکستان اور بائیس کروڑ غیور عوام فلسطین کے حوالے سے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے واضح دوٹوک غیر متزلزل موقف پر قائم ہیں۔ نگراں وزیراعظم کاکڑ کا اشتعال انگیز دل آزار متنازعہ قابل مذمت بیان حکومتی و عوامی نمائندگی کے منافی ہے۔احتجاجی مظاہرے میں سانحہ کرمان کے شہداء و زخمیوں و متاثرین کے اہل خانہ اور برادر اسلامی جمہوریہ ایران حکومت سے تعزیت و یکجہتی کااظہار کیاگیا۔

امریکہ ،اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے گئے،بعد ازاں مظاہرے کے شرکاء نوجوان کارکنوں نے اسرائیلی پرچم نذرآتش کئے۔مظاہرے سے، ،مولانا منیب، مولانا اقبال ڈھروی، مولانا فہیم الدین انصاری،مولانا حسنین ،مولانا مبین انصاری ودیگر نے خطاب کیا۔جبکہ مختلف مذہبی و سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے شرکت کی۔احتجاجی اور آل پارٹیز یکجہتی فلسطین پریس کانفرنس کے بڑے بڑے بینر ز پر قائداعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل حافظ عاصم منیر، حماس کے سربراہ اسماعیل ھانیہ، بانی اسلامی انقلاب ایران آیت اللہ امام خمینی، آیت اللہ امام خامنائی،ق ا س م سلیمانی، حزب اللہ کے سربراہ حسن نصراللہ،مفتی اعظم پاکستان مولانا مفتی محمد تقی عثمانی، مفتی منیب الرحمن، سراج الحق جیسے معاونین و پاسداران کی تصاویر لگائی گئی تھیں۔