انٹرا پارٹی الیکشن ، الیکشن کمیشن نواز لیگ و پیپلز پارٹی کے خلاف بھی کارروائی کرے ، حافظ نعیم الرحمن

چیف الیکشن کمشنر کو خط ارسال ، لیول پلیئنگ فیلڈ کے لیے انٹرا پارٹی الیکشن نہ کرانے والی دیگر پارٹیو ں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے ،گیس کے بحران ، کراچی کی صنعتوں اور شہریوں کے لیے گیس لوڈشیڈنگ کے خلاف 18جنوری کو سوئی سدرن ہیڈ آفس پر دھرنا دیا جائے گا ،پریس کانفرنس انٹر کے نتائج ، اسکروٹنی سے مسئلہ حل نہیں ہو گا ، سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس از خود نوٹس لیں اور تیز رفتار انکوائری کرائیں ،اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم،20اور 21جنوری کو ایکسپو سینٹر میں ’’میرا برانڈ پاکستان ‘‘ ایک بڑی نمائش کی جائے گی،امیرجماعت اسلامی کراچی

پیر 15 جنوری 2024 22:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جنوری2024ء) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے مطالبہ کیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے جس طرح انٹرا پارٹی الیکشن کی بنیاد پر پی ٹی آئی کے خلاف فیصلہ دیا ہے اسی طرح نواز لیگ اور پیپلز پارٹی کے خلاف بھی کارروائی کریں تو عوام کو یقین آئے گا کہ عام انتخابات میں لیول پلیئنگ فیلڈ موجود ہے ، پی ٹی آئی کے امیدواروں کو بڑی تعداد میں آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے کر اسمبلیوں میں فلور کراسنگ اور ہارس ٹریڈنگ کا بہت بڑا دروازہ کھولا جا رہا ہے ، ایک سیاسی کارکن اور پاکستانی شہری کی حیثیت سے ہم یہ سمجھتے ہیں کہ ایک بڑی پارٹی کو ٹیکنیکل بنیادوں پر عام انتخابات سے نا اہل قرار دے کر باہر کرنا جمہوریت کو فروغ دینے کے بجائے پامال کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

چیف الیکشن کمشنر بتائیں کہ کیا جماعت اسلامی کے سوا کسی اور پارٹی میں جمہوریت ہے اور انٹرا پارٹی انتخابات ہوتے ہیں ، نواز لیگ اور پیپلز پارٹی کی خاندان ، وراثت اور وصیت کی بنیاد پر چلنے والی پارٹیاں ہیں ، ان کے اندر جمہوریت تو دور کی بات یہ جمہوریت دشمن پارٹیاں ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر نائب امیرجماعت اسلامی کراچی سیف الدین ایڈوکیٹ،ڈپٹی پارلیمانی لیڈر سٹی کونسل قاضی صدر الدین،سکریٹری پبلک ایڈ کمیٹی کراچی نجیب ایوبی،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری،سید قطب احمد،رکن سٹی کونسل تیمور احمد موجود ہیں۔ پریس کانفرنس میں حافظ نعیم الرحمن نے بتایا کہ انٹرا پارٹی الیکشن کے حوالے سے نواز لیگ اور پیپلز پارٹی کے خلاف بھی فوری کارروائی کرنے کے لیے ہم نے چیف الیکشن کمشنر کو خط بھی ارسال کر دیا ہے ۔

حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی گیس کے بحران ، کراچی کی صنعتوں اور گھریلوں صارفین کو گیس کی لوڈشیڈنگ کے باعث ہونے والی مشکلات و پریشانیوں کے خلاف عوام اور تاجروں و صنعتکاروں کی ترجمانی کرتے ہوئے جمعرات 18جنوری کو سوئی سدرن گیس کمپنی کے ہیڈ آفس پر دھرنا دیا جائے گا ۔ملک میں گیس کی مجموعی پیدوارکا تقریباً 70فیصد حصہ صوبہ سندھ کا ہے ، آئین کے آرٹیکل 158کے تحت جو صوبہ زیادہ گیس پیدا کرے گا گیس کی فراہمی میں اس کو ترجیح دی جائے گی ، اس لیے ہمارا مطالبہ ہے کہ سندھ اور اب کراچی کو اس کی ضرورت کے مطابق گیس فراہم کی جائے ۔

گیس کے بحران اور قیمتوں میں تقریباً 200فیصدتک اضافے نے شہریوں ،تاجروں اور صنعتکاروں کی مشکلات و پریشانیوں میں اضافہ کر دیا ہے ۔ پیپلز پارٹی نے گیس کے مسئلے کو حل کرنے کی کبھی کوشش نہیں کی اور اس کو صرف سیاسی نعرے کے طور پر استعمال کیا ہے اور ایم کیو ایم نے تو ہمیشہ کراچی کے عوام کا مینڈیٹ وڈیروں ،جاگیرداروں اور پیپلز پارٹی کے قدموں میں ڈالا ہے ۔

گیس بحران کی ذمہ داری تمام حکومتوں کی نا اہلی اور ناقص پالیسیوں پر عائد ہوتی ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کراچی بورڈ کی جانب سے انٹر سال اوّل کے حالیہ نتائج پر بھی اپنے شدید ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسئلہ صرف اسکروٹنی سے حل نہیں ہو گا ، کراچی کے طلبہ و طالبات کا مستقبل اس طرح دائو پر لگانا کراچی دشمنی ہے ، نگراں وزیر اعلیٰ کو اس کا نوٹس لینا چاہیئے ، سندھ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اس مسئلے کا از خود نوٹس لیں اور اس کی تیز رفتار انکوائری کریں کہ کون ہے جو نوجوانوں کے مستقبل کو تباہ کرنا چاہتا ہے ، جماعت اسلامی اس صورتحال کو کسی طرح قبول نہیں کرے گی ۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی انتخابی مہم اور ملک میں سیاسی گہما گہمی میں اہل غزہ و فلسطین کو ہر گز نہیں بھولے گی ۔ہم اپنے ہر جلسے، جلوس ، کارنر میٹنگ میں غزہ کے مظلوم و نہتے مسلمانوں اور حماس کے مجاہدین کی حمایت کریں گے ، امریکہ اور اسرائیل کی دہشت گردی اور جارحیت کی مذمت کریں گے اور ان تمام پارٹیوں کو بھی بے نقاب کریںگے جو اقتدار کے حصول کی خاطر لائین میں لگی ہوئی ہیں اور امریکہ و اسرائیل کی مذمت اور حماس کی حمایت کرنے پر تیار نہیں ، انہوں نے کہا کہ ہم اسرائیلی مصنوعات کے بائیکاٹ کی مہم کو بھی بھر پور طریقے سے چلائیں گے ،20اور 21جنوری کو ایکسپو سینٹر میں ’’میرا برانڈ پاکستان ‘‘ کے عنوان سے ایک بڑی نمائش کی جائے گی ۔

جس کا اہتمام پاکستان بزنس فورم اور الخدمت کے تعاون سے کیا جا رہا ہے ۔اہل کراچی نے اسرائیل کی حالیہ جارحیت اور دہشت گردی کے خلاف حماس کی اپیل پر اتوار 14جنوری کو شاہراہ فیصل پر عظیم الشان اور تاریخ ساز ’’غزہ ملین مار چ‘‘ کر کے ثابت کر دیا ہے کہ کراچی کے عوام کا دل اہل ِ غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ دھڑکتا ہے ، انتخابی گہما گہمی میں بظاہر یہ مسئلہ پیچھے چلا گیا تھا لیکن جماعت اسلامی نے اسے اپنی ترجیح اوّل میں رکھا ہوا ہے ۔