Live Updates

’عمران خان کو جیل میں ڈالنے کی خواہش مسلم لیگ ن کی تھی‘ سعید غنی کا الزام

اس وقت مسلم لیگ ن کی صورتِ حال بہت خراب ہے اس لیے وہ پریشان ہیں کیوں کہ ن لیگ والے گراؤنڈ میں اترے تو انہیں صورتِ حال کا اندازہ ہوا۔ پی پی رہنماء کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی اتوار 21 جنوری 2024 13:26

’عمران خان کو جیل میں ڈالنے کی خواہش مسلم لیگ ن کی تھی‘ سعید غنی کا ..
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 21 جنوری 2024ء ) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے الزام عائد کیا ہے کہ عمران خان کو جیل میں ڈالنے کی خواہش مسلم لیگ ن کی تھی، ”ساڈی گل ہوگئی“ کے بعد کام بن نہیں رہا۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے اپنی خواہشات پوری کرائی ہیں، ن لیگ کی خواہش تھی کہ الیکشن آگے چلے جائیں، عمران خان کو جیل میں ڈالنے کی خواہش بھی ن لیگ کی تھی، ن لیگ پی ٹی آئی سے بلے کا نشان لینے کی خواہش بھی رکھتی تھی لیکن اس وقت مسلم لیگ ن کی صورتِ حال بہت خراب ہے اس لیے وہ پریشان ہیں کیوں کہ ن لیگ والے گراؤنڈ میں اترے تو انہیں صورتِ حال کا اندازہ ہوا۔

سعید غنی نے کہا کہ تحقیقات کی جائیں کس کی ہدایت پر پیپلز پارٹی کے دفتر پر حملہ کیا گیا، اگر پولیس اور رینجرز نے سخت کارروائی نہ کی تو مشکل ہوجائے گا، اس حملے کے پیچھے کون لوگ ہیں ان کے خلاف بھی کارروائی ہونی چاہئے، ایم کیوایم کا خیال تھا ڈسٹرکٹ سینٹرل میں کوئی اور جماعت دفتر نہیں کھول سکتی، یہ کارروائیاں مصطفیٰ کمال کے بیانات کا تسلسل ہیں، مصطفیٰ کمال نے کہا تھا کہ ہم لڑنے پر آئیں تو کوئی ہم سے جیت نہیں سکتا۔

(جاری ہے)

سابق صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ کا کوڈ آف کنڈکٹ کا فیصلہ آیا ہے، یہ کہنا کہ شہر میں کسی بورڈ پر امیدوار کی تصویر لگی ہو تو ایف آئی آر ہوگی، الیکشن کےدوران تو یہ سب کچھ ہوتا ہے، ایسے تو ہر کوئی ایک دوسرے کی تصاویر لگوا کر ایف آئی آر کٹوا سکتا ہے، میری یا میرے مخالف کی تصویر لگ جائے تو کس قانون کے تحت ایف آئی آر ہوگی، پولیس سے گزارش کروں گا فیصلے کے باعث دباؤ میں آکر ایسی حرکات نہ کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیوایم ختم ہوچکی ہے، ایم کیو ایم پاکستان پی ایس پی مافیا کے کنٹرول میں ہے، ایم کیوایم پاکستان کے خالد مقبول صدیقی بے بس کنوینر ہیں، ایم کیو ایم کا جو تھوڑا بہت ووٹ تھا وہ مصطفی کمال کے آنے کے بعد ختم ہوگیا، مصطفیٰ کمال نےایم کیو ایم کے تابوت میں آخری کیل ٹھونک دی ہے، آپ لوگ مصطفی کمال کو پی ایس پی تصور کریں، ایم کیو ایم کے جو 6،5 ہزار ووٹ بنتے تھے وہ بھی مصطفی کمال نے ختم کردیے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات