پی پی پی 15سالہ دور میں ملیر کو کچھ نہیں دے سکی، قادربخش کلمتی، پیر حفیظ اللہ جان

ملیر کے نوجوان مایوس ہونے کی بجائے مسلم لیگ نواز کے نامزد کردہ عوامی سیاستدانوں کو ووٹ دیں، ن لیگ

منگل 30 جنوری 2024 22:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2024ء) نواز لیگ کے امیدواروں قادر بخش کلمتی پیر حفیظ اللہ جان سرہندی نے بروہی محلہ غفور بستی جاموٹ محلہ بلوچ محلہ پنہور محلہ زرگر محلہ بندیچہ محلہ باپڑہ محلہ مہیشوری محلہ شفیع محمد محلہ امید علی محلہ حاجی احمد محلہ بچل باغ اور حاجی شبیر احمد جوکھیو کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ تقریب اور جلسہ عام میں شرکت کی ۔

پارٹی رہنماؤں پیر امان اللہ جان سرہندی طارق بلوچ مقبول میمن سید شعیب شاہ دیگر کے ساتھ میمن گوٹھ میں جلسہ کارنر میٹنگ میں شرکت،بروہی محلہ میں جلسہ 8 فروری کو کامیابی کا جشن منانے کا دعویٰ۔میمن گوٹھ میں مختلف مقامات پر خطاب کرتے ہوئے نواز لیگ کے امیدواروں قادر بخش کلمتی پیر حفیظ اللہ جان سرہندی نے کہا کہ ملیر کی باشعور عوام دھوکے باز حکمرانوں کو پہچان کر چکی ہے، اس بار حکمران جماعت کے امیدواروںکو عوامی ووٹ کی طاقت سے شکست دیں گے، پیپلز پارٹی گزشتہ 15 سال سے مسلسل اقتدار میں رہنے کے باوجود ملیر کے عوام کو بنیادی سہولیات فراہم نہیں کر سکی۔

(جاری ہے)

ملیر کے نوجوان مایوس ہونے کی بجائے مسلم لیگ نواز کے نامزد کردہ عوامی سیاستدانوں کو ووٹ دیں اور اپنی آنے والی نسل کے حق میں بہتر امیدواروں کا انتخاب کریں، ووٹ کی طاقت سے ہم اپنی تقدیر بدل سکتے ہیں، نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے لیے وسائل پیدا کیے جائیں گے، ہم برابری کی بنیاد پر خدمت پر یقین رکھتے ہیں۔8 فروری کو ملیر سمیت پوری سندھ کی عوام کو زرداری لیگ سے نجات دالائیںگے ۔

انہوں نے کہاکہ نواز شریف جب بھی اقتدار میں آئے ملک امن خوشحالی اور روزگار آیا ہے، کراچی میں امن قائم ہوا کاروبار کو وسعت ملی ہے۔ سندھ کی تباہی کرنے والے پنجاب میں ترقی کی بات کرتے ہیں مگر سندھ کے حالات اتنے گھمبیر ہے کہ یہاں کی بچیاں مائیں بہنیں آج بھی دور دراز سفر کرکے پانی لانے پر مجبور ہیں، اسپتال اور اسکول کی حالت دیکھ کر رونا آتا ہے مگر اس بار عوام ان نا اہل حکمرانوں کو شکست دے کر اپنی جان چھڑانے کے لیے تیار ہیں اور 8 فروری کو ملیر سمیت پورے ملک میں مسلم لیگ کی کامیابی کا جشن ہوگا۔