گوجرانوالہ میں پولیس کی جانب سے جماعت اسلامی کے جلسے پر دھاو اور غنڈا گردی قابل مذمت ہے : جاوید قصوری

جمعہ 2 فروری 2024 22:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 فروری2024ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی اور امیدوار این اے 124 محمد جاوید قصوری نے گوجرانوالہ میں پولیس کی جانب سے جماعت اسلامی کے جلسے پر دھاوا بولنے اور غنڈا گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ مسلم لیگ نون کی حمایت میں اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی ہے ۔ پورے پنجاب میں سیاسی مخالفین کو پولیس کی طرف سے ہراساں کرنا ، مسلم لیگ نون کے علاوہ سب کے بینرز ،پینا فلیکس اتارنا اور تھانوں سے فون کر کے انتخابی بے ضابطگیوں کی آڑ میں تنگ کرنا شرمناک اقدام ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ گوجرانوالہ سمیت پور ے ملک میں ترازو بھر پور کامیابی حاصل کرے گا اور ظلم کے اس نظام سے ملک و قوم کو نجات دلائے گا ۔ جماعت اسلامی عوام کے لیے آخری آپشن کے طور پر مو جو د ہے، جماعت اسلامی نے انقلابی منشور پیش کیا ہے جن میں نوجوانوں، کسانوں، خواتین، مزدوروں اور اقلیتوں کے حقوق کو فوکس کیا گیا ہے، قوم عدل و انصاف کی حکمرانی، مہنگائی اور غربت کے خاتمے اور کلین، گرین خوشحال پاکستان کی تعمیر کے انقلابی سفر میں جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ بجلی و پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے عوام کی مشکلات میں بھی اضافہ ہوگا ۔یوں محسوس ہوتا ہے کہ جیسے مسلم لیگ نون، پیپلز پارٹی کی طرح موجودہ نگران حکمرانوں نے عوام کو ریلیف نہ دینے کا حلف اٹھا رکھا ہے۔ حکمران اشرافیہ نے بیرونی قرضوں کا 90فیصد خود استعمال کیا، نتیجہ ہر پاکستانی ڈھائی لاکھ کا مقروض ہے۔ غریب کے لیے ہسپتالوں میں علاج نہیں، تعلیمی اداروں کے دروازے غریب کے بچے کے لیے بند ہیں، ملک پر 80ہزار ارب کا قرضہ ہے۔

عیاشیاں حکمران کریں اور مہنگائی وٹیکسز کی صورت میں خمیازہ عوام بھگت رہے ہیں ایسے بے ضمیر اور عوام دشمن حکمرانوں سے نجات حاصل کرنے کا بہترین موقع8فروری کے انتخابات ہیں۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ عوام ووٹ کی طاقت سے اہل ودیانتدار لوگوں کو کامیاب کرکے ملک واپنی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنائیں۔عوام نے تمام جماعتوں کو آزما لیا ہے،ن لیگ،پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کے پاس ملک کے لیے کوئی ایجنڈا نہیں۔