الیکشن کی انتخابی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کی سخت مانیٹرنگ جاری

انتخابات کے آزادانہ، منصفانہ اور پر امن انعقاد کے لیئے الیکشن کمیشن آف پاکستان اپنی پوری قوت کے ساتھ مصروف عمل ہے، صوبائی الیکشن کمشنر سندھ

جمعہ 2 فروری 2024 22:25

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2024ء) الیکشن کی انتخابی مہم کے دوران ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کی سخت مانیٹرنگ جاری ہے، اس سلسلے میں چئیرمین ڈسٹرکٹ کائونسل ٹھٹہ کو انتخابی مہم میں شرکت پر نوٹس جاری کردیا گیا ہے اس کے علاوہ سکھر میں پیپلز پارٹی کے امیدوار برائے قومی اسمبلی این اے 201 سید خورشید احمد شاہ کو ضابطہ اخلاق کی شق نمبر 17 کی خلاف ورزی پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے نوٹس جاری کرتے ہوئے وضاحت طلب کرلی ہے۔

پی ایس 91 کورنگی کراچی میں خلاف ضابطہ اقدامات پر جماعت اسلامی، ایم کیو ایم پاکستان، مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم حقیقی کے کارکنان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر ز نے وضاحت طلب کرلی ہے، پی ایس 100 کراچی ایسٹ میں آزاد امیدوار کو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری، وضاحت طلب کرلی گئی تاہم مٹیاری میں ایک سرکاری ملازم کو انتخابی مہم میں شرکت پر نوٹس جاری کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نے نوٹس جاری کردیا ہے اور وضاحت بحی طلب کرلی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس کے علاوہ کراچی ایسٹ ، کیماڑی ، سینٹرل ، ویسٹ اور کشمور میں الیکشن کمیشن کی مانیٹرنگ ٹیموں نے کاروائیاں کرتے ہوئے خلاف ضابطہ سائن بورڈ، پینا فلیکس، پوسٹر اور بینرز ، جھنڈوں سمیت تمام دیگر تشہیری مواد عوامی گذر گاہوں، پبلک پارکس، سرکاری عمارتوں اور ٹریفک اشاروں سے ہٹوادیا ہے ۔صوبائی الیکشن کمشنر سندھ شریف اللہ نے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران کو سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے مزید کہا ہے کہ ضابطہ اخلاق پر مکمل عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے انہوں نے کہا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کی کسی صورت خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انتخابات کے آزادانہ، منصفانہ اور پر امن انعقاد کے لیئے الیکشن کمیشن آف پاکستان اپنی پوری قوت کے ساتھ مصروف عمل ہے۔