کراچی کے لوگ مثبت اور نئی سوچ کی سیاست چاہتے ہیں ،شازیہ مری

منگل 6 فروری 2024 19:22

کراچی کے لوگ  مثبت اور نئی سوچ کی سیاست چاہتے ہیں ،شازیہ مری
حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 فروری2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور پی پی پی کی نامزد امیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ این اے 209 شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ ہمارا یقین ہے کہ جمہوریت کا پہلا مرحلہ عام انتخابات کا انعقاد ہیں اور عوام کو اپنی رائے کے مطابق اپنے نمائندوں کو چننے کا حق حاصل ہے،ملک بھر میں پی پی پی کی جانب سے پرجوش انتخابی مہم رہی ، یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، آصفہ بھٹو زرداری، آصف علی زرداری اور پی پی پی کی قیادت نے ہر ضلعی میں پرجوش انتخابی مہم چلائی، انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی زیر قیادت پیر کو کراچی کے اندر تاریخی ریلی نکالی گئی ،عوام نے اپنے لیڈر چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا پرجوش اور تاریخی استقبال کیا یہ ریلی شہید ذوالفقار بھٹو کی 1977 کی ریلی کی یاد دلا رہی تھی۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام نے اپنا فیصلہ سنادیا ہے وہ نفرت اور لسانی سیاست کا خاتمہ چاہتے ہیں، کراچی کے عوام شہر میں ترقی اور خوشحالی کو دیکھنا چاہتے ہیں، جبکہ کراچی کے لوگ اب مثبت اور نئی سوچ کی سیاست چاہتے ہیں۔ کراچی کی ریلی کی کامیابی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی نئی سوچ کی کامیابی ہے ، انہوں نے کہا کہ پی پی پی نے شرو ع سے ہی عام انتخابات کے انعقاد کوبہت سنجیدہ لیا، انہوں نے کہا کہ مخالفین کتنے بھی ہتھکنڈے استعمال کر لیں ہم کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ایک امیدوار ذوالفقار علی شاہ پر قاتلانہ حملہ کیا گیا جس کی پر زور مذمت کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین ہمیں ہراساں نہیں کرسکتے ۔