حیدرآباد، حلقہ این اے 216 پر پی پی پی رہنما مخدوم جمیل الزماں اور نواز لیگ سندھ کے صدر بشیر میمن کے درمیان مقابلہ متوقع

بدھ 7 فروری 2024 15:41

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 فروری2024ء) حلقہ این اے 216 پر پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مخدوم جمیل الزماں اور نواز لیگ سندھ کے صدر بشیر میمن کے درمیان مقابلہ متوقع ہے۔مٹیاری کے حلقے این اے 216 اور دو صوبائی حلقوں پی ایس 57 اور 56 پر 320 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں، جن میں سے 80 پولنگ سٹیشنز کو انتہائی حساس ، 156 کو حساس اور 86 کو نارمل قرار دیا گیا ہے۔

ضلع میں کل آبادی 8 لاکھ 49 ہزار 383 ہے جس میں ضلع میں کل رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 17 ہزار 629 ہے۔ میل ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 21 ہزار 177 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 96 ہزار 452 ہے۔ ہالا سعید آباد کے حلقہ پی ایس 56 میں سابق صوبائی وزیر مخدوم محبوب الزماں اور نصیر میمن کے درمیان مقابلہ ہے۔ پی ایس 57 پر پیپلزپارٹی کے مخدوم فخر الزمان اور جے ڈی اے کے سید جلال شاہ جاموٹ میدان میں ہیں۔

(جاری ہے)

ضلع مٹیاری میں پولنگ کے دن 3967 سرکاری ملازمین اپنے فرائض سرانجام دیں گے جن میں 320 پریزائیڈنگ افسران بھی شامل ہیں۔ضلع میں ایس ایس پی مٹیاری اصغر شاہ کی جانب سے فول پروف سکیورٹی کے انتظامات کئے گئے ہیں۔ سکیورٹی کےلئے پاک فوج، سندھ رینجرز کو بھی ضلع میں تعینات کر دیا گیا ہے۔ضلع بھر میں 2366 پولیس اہلکاروں اور افسران کو تعینات کیا گیا ہے جن میں لیڈیز پولیس اور دیگر محکموں کی رضاکاروں کو بھی تعینات کیا گیا ہے۔