سازش کے تحت اس شہر اور صوبے میں لسانی عصبیتوں کا بازار گرم کیا گیا، ہزاروں بیگناہ لوگوں کا قتل عام کیا گیا، صاحبزادہ زبیر

جے یو پی نے پیپلز پارٹی کیساتھ مل کر لسانی عصبیتوں کی آندھیوں کا مقابلہ کیا ،مقصد کے لئے پی پی کے حق میں اپنے امیدوار دستبردار کرائے

بدھ 7 فروری 2024 21:20

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 فروری2024ء) جمعیت علما پاکستان (نورانی)کے صدر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ سازش کے تحت اس شہر اور صوبے میں لسانی عصبیتوں کا بازار گرم کیا گیا، ہزاروں بیگناہ لوگوں کا قتل عام کیا گیا، سینکڑوں گھروں کو ویران کر دیا گیا، جے یو پی نے پیپلز پارٹی کے ساتھ مل کر ان لسانی عصبیتوں کی آندھیوں کا مقابلہ کیا اور اسی مقصد کے لئے جے یو پی نے پی پی کے حق میں اپنے امیدوار دستبردار کرائے ہیں مگر آج پھر لسانی عصبیتوں کو ابھارکر ووٹ حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن عوام ان کے فریب میں نہیں آئیں گے اور ان کے ناپاک عزائم ناکام ہو جائیں گے۔

ایک اجتماع سے خطاب میں صاحبزادہ زبیر نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ اس اتحاد کی برکت سے شہر میں ایسے لوگ کامیاب ہو ں گے جو بلاتفریق شہر اور دیہاتوں کی خدمت کریں گے اور شہر اور صوبہ کے لئے ملنے والے اربوں کے فنڈز جو شہر پر قابض بعض لسانی جماعتوں نے درست استعمال نہیں کئے وہ صحیح استعمال ہوں گے اور شہر کی صورتحال بہتر ہو گی۔

(جاری ہے)

اجلاس سے امیدوار قومی اسمبلی این اے 220 وسیم راجپوت، پی ایس 64 عاجز دھامرہ، پی ایس 65 فرید قریشی، پی پی پی کے ضلعی صدر صغیر احمد قریشی، جے یو پی کے عبدالرحمن راجپوت، ناظم علی آرائیں، قاری نیاز احمد نقشبندی، قاری غلام سرور امینی، محمد رضوان شیخ نے بھی خطاب، علامہ قاری عبدالرشید اعوان، ڈاکٹر محمد یونس دانش بھی موجود تھے۔

درایں اثنا ایک وفدکی ملاقات پر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے بلاول بھٹو زرداری، نثار کھوڑو اور آغا سراج درانی کی حمایت کا بھی اعلان کر دیا۔