بلاول بھٹو اور آصف زرداری نے بھی ووٹ کاسٹ کردیئے

پیپلز پارٹی الیکشن میں کلین سویپ کرے گی، سابق صدر کا دعویٰ

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 8 فروری 2024 13:29

بلاول بھٹو اور آصف زرداری نے بھی ووٹ کاسٹ کردیئے
نوابشاہ/نوڈیرو ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 فروری 2024ء ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو اور سابق صدر آصف علی زرداری نے ووٹ کاسٹ کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے اپنا ووٹ آبائی علاقے نو ڈیرو میں ڈالا جب کہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمیں آصف علی زرداری نے نواب شاہ میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا، اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں سابق صدر آصف علی زرداری نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی کا مستقبل روشن ہے، ہم نے منشور عوام دوست دیا ہے، جس کی وجہ سے پیپلزپارٹی الیکشن میں کلین سویپ کرے گی۔

بتایا گیا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی بیٹی آصفہ بھٹو اور بہن ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے نواب شاہ میں اپنے ووٹ کاسٹ کیے، انہوں نے گورنمنٹ بوائز اسکول ایل بی او ڈی کالونی پہنچیں جہاں انہوں نے اپنے ووٹ کاسٹ کیے، اسی طرح سابق وزیراعظم شہباز شریف نے لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 128 ماڈل ٹاؤن میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا، جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آبائی حلقہ گاؤں عبدالخیل میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، نگراں وفاقی وزیراطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 46 کے پولنگ اسٹیشن ماڈل اسکول ڈورہ میں ووٹ کاسٹ کیا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ اسلام آباد سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 47 اور 48 سے آزاد امیدوار مصطفیٰ نواز کھوکھرنے اپنا ووٹ کاسٹ کیا، مصطفی نواز کھوکھر نے ای 7 پولنگ اسٹیشن میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا، قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 232 سے ایم کیو ایم کی امیدوار آسیہ اسحاق نے ووٹ کاسٹ کیا، انہوں نے ووٹ آئی ایم اسلامک اسکول ماڈل کالونی ڈسٹرکٹ کورنگی حلقہ 232 میں کاسٹ کیا، راولپنڈی میں مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا، چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کیا، چیف سیکرٹری پنجاب نے جی او آر ٹو میں قائم پولنگ اسٹیشن میں ووٹ ڈالا، زاہد اختر زمان نے حلقہ این اے 129 اور پی پی 171 کے لیے حق رائے دہی استعمال کیا۔