Live Updates

الیکشن کمیشن نے چوہدری سالک حسین کی نشست این اے 64 کا نتیجہ روک لیا

چوہدری پرویز الہٰی کی اہلیہ قیصرہ الہٰی کی درخواست پر گجرات کی نشست کا حتمی نتیجہ روک لیا گیا، چوہدری سالک حسین 15 فروری کو طلب کر لیے گئے

muhammad ali محمد علی ہفتہ 10 فروری 2024 20:05

الیکشن کمیشن نے چوہدری سالک حسین کی نشست این اے 64 کا نتیجہ روک لیا
گجرات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 فروری2024ء) الیکشن کمیشن نے چوہدری سالک حسین کی نشست این اے 64 کا نتیجہ روک لیا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے چوہدری پرویز الہٰی کی اہلیہ قیصرہ الہٰی کی درخواست پر گجرات کی نشست این اے 64 کا حتمی نتیجہ روک لیا، نشست سے غیر حتمی نتائج میں کامیاب قرار پانے والے چوہدری سالک حسین 15 فروری کو طلب کر لیے گئے۔

الیکشن کمیشن نے این اے 64 کے آر او کو بھی 3 دن میں جواب جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے قیصرہ الہٰی یا ان کے وکیل کی موجودگی میں نتائج مرتب کرنے کی ہدایت کر دی۔ دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں 20 حلقوں میں نتائج کیخلاف درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کر لی گئیں۔ لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز، عبدالعلیم خان ،خواجہ آصف، عطا تارڑ سمیت 20حلقوں میں نتائج کے خلاف درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کرلیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق لاہورہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی 20حلقوں میں نتائج کے خلاف درخواستوں پر12فروری کو سماعت کریں گے، رجسٹرار آفس نے تمام درخواستوں سے متعلق کاز لسٹ جاری کردی۔ جبکہ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ غیر حتمی سرکاری نتائج کے مطابق اب تک کل 266 میں سے 245 نشستوں کے نتائج میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدواروں کو برتری حاصل ہے۔

اب تک جاری کردہ الیکشن کمیشن کے نتائج کے مطابق تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار 100 نشستیں جیت گئے، جبکہ 245 قومی اسمبلی نشستوں کے نتائج میں ن لیگ 67 اور پیپلز پارٹی 53 نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب رہی ہے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کو ای ایم ایس سسٹم پر موصول ہونے والے عام انتخابات 2024ء کے غیر حتمی سرکاری نتائج میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار اب تک قومی اسمبلی کا سب سے بڑا گروپ بن کر سامنے آیا ہے، جبکہ 29 سیٹوں کے نتائج آنا باقی ہیں۔

الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نتائج کے مطابق ایم کیو ایم نے بھی 14 نشستوں پر کامیابی سمیٹی ہے، اسی طرح آئی پی پی نے 2، جے یو آئی 2، مسلم لیگ ق 3 اور پختونخواہ نیشنل اور ایم ڈبلیو ایم ایک نشست پر کامیاب ہوئی۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے 265 قومی اسمبلی کی نشستوں کے حتمی سرکاری نتائج جاری کیے جانے کے بعد ہی حتمی پارٹی پوزیشن واضح ہو گی۔ الیکشن کمیشن نتائج جاری کرنے کے بعد ہی ہر حلقے کے کامیاب امیدوار کا نوٹیفیکیشن جاری کرے گا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات