شہباز شریف سے آزاد منتخب 5 ارکان اسمبلی کی ملاقات

صدر پاکستان مسلم لیگ ن نے آزاد امیدواروں کو پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دی

Sajid Ali ساجد علی پیر 12 فروری 2024 15:42

شہباز شریف سے آزاد منتخب 5 ارکان اسمبلی کی ملاقات
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 فروری 2024ء ) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے حکومت سازی کیلئے آزاد امیدواروں سے رابطے تیز کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم شہباز شریف سے آزاد منتخب ہونے والے 5 ارکان اسمبلی کی ملاقات ہوئی ہے، این اے 189 سے سردار شمشیر مزاری، پی پی 195 سے عمران اکرم، پی پی 240 سے سہیل خان، پی پی 297 سے خضر حسین مزاری اور پی پی 249 سے صاحبزادہ محمد گزین عباسی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے، آزاد امیدوار وں کی صدر ن لیگ سے ماڈل ٹاؤن میں ملاقات ہوئی، جہاں شہباز شریف نے آزاد امیدواروں کو پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دی، علاوہ ازیں پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 97 چنیوٹ سے کامیاب آزاد امیدوار محمد ثاقب خان چدھڑ مسلم لیگ ن میں شامل ہوگئے ، محمد ثاقب خان چدھڑ نے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے ملاقات کی اس موقع پر انہوں نے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

بتایا جارہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے حکومت سازی کے حوالے سے رابطے جاری ہیں، اسی سلسلے میں مسلم لیگ ن نے قائد نواز شریف نے جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو فون کیا، اس دوران دونوں رہنماؤں نے ملک کی سیاسی صورتحال اور حکومت سازی کے حوالے سے مشاورت کی اور دونوں رہنماؤں کی جلد ملاقات متوقع ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں نوازشریف نے مولانا فضل الرحمان سے حکومت سازی کیلئے تعاون کی درخواست کی، جس پر جے یو آئی ف کے سربراہ نے اپنی جماعت سے مشاورت کے بعد جواب دینے کی یقین دہانی کرائی، تاہم اس موقع پر نوازشریف اور مولانا فضل الرحمن نے ملک کو معاشی بحران سے نکالنے پر اتفاق کیا۔

معلوم ہوا ہے کہ مرکز میں حکومت سازی کیلئے مسلم لیگ ن کی کوشیش تیز ہوچکی ہیں اور اس مقصد کے لیے مسلم لیگ ن کےقائد نواز شریف اور ن لیگ کی چیف آرگنائزر مریم نواز کی آج اسلام اباد روانگی متوقع ہے، مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اسلام آباد میں اہم ملاقاتیں کریں گے، سابق وزیر اعظم کی اسلام آباد میں مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حیسن سے بھی ملاقات متوقع ہے، مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف مرکز میں حکومت کیلئے ن لیگ کی دیگر اتحادی جماعتوں کی قیادت سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔