Live Updates

ن لیگ کو نقصان مہنگائی اور عمران خان کی سزاؤں پر ہمدردی سے ہوا

نوازشریف کا خیال تھا اور ہے کہ سادہ اکثریت نہ ملے تو دوسروں کے ساتھ مل کر حکومت بنانی چاہئیے۔راناثناء اللہ کی گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 12 فروری 2024 16:32

ن لیگ کو  نقصان مہنگائی اور عمران خان کی سزاؤں پر ہمدردی سے ہوا
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 فروری 2024ء ) مسلم لیگ ن کے صدر راناثناء اللہ نے کہا کہ ن لیگ کو وسطی پنجاب میں نقصان مہنگائی اور عمران خان کی سزاؤں پر ہمدردی سے ہوا ہے۔انہوں نے جیوز نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کا خیال تھا اور ہے کہ سادہ اکثریت نہ ملے تو دوسروں کے ساتھ مل کر حکومت بنانی چاہئیے۔پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے سوال پر انہوں نے کہا کہ اس کا فیصلہ نوازشریف کریں گے تاہم پارلیمانی پارٹی انہیں مشورہ دے سکتی ہے۔

ایم کیو ایم نے ہم سے مذاکرات میں حصہ نہیں مانگا بلکہ اپنے مطالبات پر بات کی ہے۔ان کا ایک مطالبہ آئینی ترمیم کا ہے مگر نئی پارلیمنٹ ایک معلق پارلیمنٹ ہے۔ادھر سابق وزیراعظم شہباز شریف سے آزاد منتخب ہونے والے 5 ارکان اسمبلی کی ملاقات ہوئی ہے، این اے 189 سے سردار شمشیر مزاری، پی پی 195 سے عمران اکرم، پی پی 240 سے سہیل خان، پی پی 297 سے خضر حسین مزاری اور پی پی 249 سے صاحبزادہ محمد گزین عباسی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے، آزاد امیدوار وں کی صدر ن لیگ سے ماڈل ٹاؤن میں ملاقات ہوئی، جہاں شہباز شریف نے آزاد امیدواروں کو پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد دی، علاوہ ازیں پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 97 چنیوٹ سے کامیاب آزاد امیدوار محمد ثاقب خان چدھڑ مسلم لیگ ن میں شامل ہوگئے ، محمد ثاقب خان چدھڑ نے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف سے ملاقات کی اس موقع پر انہوں نے پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

پاکستان مسلم لیگ ن کے حکومت سازی کے حوالے سے رابطے جاری ہیں، اسی سلسلے میں مسلم لیگ ن نے قائد نواز شریف نے جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو فون کیا، اس دوران دونوں رہنماؤں نے ملک کی سیاسی صورتحال اور حکومت سازی کے حوالے سے مشاورت کی اور دونوں رہنماؤں کی جلد ملاقات متوقع ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میاں نوازشریف نے مولانا فضل الرحمان سے حکومت سازی کیلئے تعاون کی درخواست کی، جس پر جے یو آئی ف کے سربراہ نے اپنی جماعت سے مشاورت کے بعد جواب دینے کی یقین دہانی کرائی، تاہم اس موقع پر نوازشریف اور مولانا فضل الرحمن نے ملک کو معاشی بحران سے نکالنے پر اتفاق کیا۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات