پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار ،حکومت سازی کے لئے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطوں پر اتفاق

منگل 13 فروری 2024 00:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 فروری2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی نے پی پی پی پی کے صدر آصف علی زرداری اور چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کی سی ای سی کا اجلاس یہاں آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کی زیر صدارت ہوا جس میں پی پی پی خواتین ونگ کی مرکزی صدر اور سی ای سی کے تمام ارکان نے شرکت کی۔

اجلاس میں شہدائے جمہوریت کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ۔ اجلاس میں عام انتخابات اور ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اراکین نے ملک کی سیاسی، معاشی اور حکومتی صورتحال کے حوالے سے مختلف تجاویز دیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیری رحمٰن،ترجمان پیپلزپارٹی فیصل کریم کنڈی اور نو منتخب رکن اسمبلی شازیہ مری نے اجلاس سے متعلق میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں سے مرکز اور صوبوں میں حکومت سازی کیلئے رابطے کئے جائیں گےاور اس مقصد کیلئے منگل کو رابطہ کمیٹی بنائی جائے گی، اجلاس میں یوسف رضا گیلانی،مخدوم احمد محمود،فریال تالپور،شرجیل میمن ،نثار کھوڑو ،سید نیئر حسین بخاری،فرحت اللہ بابر،قمر زمان کائرہ، فیصل کریم کنڈی، شیری رحمان، شازیہ مری، ندیم افضل چن، ثمینہ خالد گھرکی، مہدی شاہ، راجہ پرویز اشرف، مراد علی شاہ، سید خورشید شاہ، سرفراز بگھٹی ،چوہدری یاسین،میرباز کھیتران،تاج حیدر، اور سید نوید قمر سمیت دیگر اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس میں کامیاب انتخابی مہم پر چیئرمین بلاول بھٹو،آصفہ بھٹو، اور آصف زرداری سمیت تمام قائدین کی کاوشوں کو سراہا گیا۔