Live Updates

نواز شریف اور آصف زرداری میں غیرت ہوتی تو حکومت بنانے کا نام بھی نہ لیتے

الیکشن جس طرح ہم نے لڑا نسلیں یاد رکھیں گی، ووٹ قوم کی امانت تھی، ووٹ عمران خان کے نام پر دیا گیا،اگر ہماری سیٹیں نہ دی گئی تو تحریک چلائیں گے عوام کے پاس جائیں گے۔جمشید دستی کی گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 20 فروری 2024 14:23

نواز شریف اور آصف زرداری میں غیرت ہوتی تو حکومت بنانے کا نام بھی نہ ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 20 فروری 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جمشید دستی الیکشن کمیشن پہنچ گئے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جمشید دستی نے کہا کہ الیکشن جس طرح ہم نے لڑا نسلیں یاد رکھیں گی۔ الیکشن کے نام پر فراڈ ہوا ہے، ووٹ قوم کی امانت تھی ووٹ بانی پی ٹی آئی کے نام پر دیا گیا، ہماری قومی اسمبلی کی نشستیں چھینی گئی، جمشید دستی نے کہا کہ اگر ہماری سیٹیں نہ دی گئی تو تحریک چلائیں گے عوام کے پاس جائیں گے، یہ ملک دشمن عناصر ہیں ان سے ملک نہیں چل سکتا۔

جمشید دستی نے کہا کہ عمران خان کا ساتھ دینا ہم نے اپنے ایمان کا حصہ سمجھا ہے، 75 سال سے بھونڈی حرکتیں کی جا رہی ہیں، ہر طرف مایوسی پھیلی ہوئی ہے، بےروزگاری بڑھ رہی ہے، عوام کا فیصلہ اب مانیں،نواز شریف اور آصف زرداری میں غیرت ہوتی تو حکومت بنانے کا نام بھی نہ لیتے، یہ لوگ تمام حقیقت جانتے ہیں پھر عوام کا اور ہمارا سامنا کیسے کریں گے۔

(جاری ہے)

نوازشریف 70 ہزار ووٹوں سے ہارا ہوا ہے۔ہم نے بڑی محنت سے اپنا نتیجہ حاصل کیا،آر اوز کو بھی یرغمال بنایا ہوا تھا۔انہوں نے کہا کہ ہم اداروں کی بہتری چاہتے ہیں، جب تک عوام کو برابر کے حقوق نہیں ملتے، عوام کے فیصلوں کا احترام نہیں کیا جاتا تو ملک میں بہتری نہیں آ سکتی۔الیکشن سے پہلے ایسا ہوتا تھا کہ جس سے ہم ہاتھ ملاتے تھے اسے اٹھا لیا جاتا ہے، ہمارے خاندانوں کے ساتھ برا سلوک کیا گیا۔

میں نے مشکل وقت میں عمران خان سے ہاتھ ملایا۔جس طرح کا الیکشن ہوا اس پر پوری دنیا لعنت بھیج رہی ہے۔خیال رہے کہ مظفر گڑھ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 175 پر امیدوار جمشید دستی پر 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا تھا۔ حکام کے مطابق جمشید دستی نے بغیر اجازت جلسہ اور غیر شائستہ تقریر کی تھی۔جمشید دستی کے وکیل نے دعوی ٰ کیا کہ جمشید دستی نے چار دیواری میں کارنر میٹنگ کی تھی، غیراخلاقی زبان بھی استعمال نہیں کی گئی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات