آصف زرداری کی بات تمام جماعتیں سنتی ہیں، وہ سب کو ایک پیج پر لاسکتے ہیں،فیصل کریم کنڈی

مرکز میں حکومت سازی کیلئے اس بار اتحادی جماعتیں کم ہیں تو معاملات زیادہ بہتر طور پر چل سکیں گے،ترجمان پیپلز پارٹی کی برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 22 فروری 2024 12:32

آصف زرداری کی بات تمام جماعتیں سنتی ہیں، وہ سب کو ایک پیج پر لاسکتے ..
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔22 فروری2024 ء) پاکستا ن پیپلزپارٹی کے رہنما ءفیصل کریم کنڈی کاکہنا ہے کہ آصف زرداری کی بات تمام بڑی جماعتیں سنتی ہیں اور وہ سب کو ایک پیج پر لاسکتے ہیں،مرکز میں حکومت سازی کیلئے اس بار اتحادی جماعتیں کم ہیں تو معاملات زیادہ بہتر طور پر چل سکیں گے۔جیو نیوز کے مطابق برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پیپلزپارٹی نے کہا ہے کہ ہم مرکز میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی مکمل حمایت کریں گے تاکہ ملک کو بحران سے نکال سکیں، پیپلز پارٹی پی آئی اے کی نجکاری کی حمایت نہیں کرےگی، فیصل کریم کنڈی کا مزید کہنا تھاکہ ماضی میں ہمارا آپسی اشتراک بھی اتنا اچھا نہیں تھا لیکن یہ اتحاد بہتر چلے گا کیونکہ اتحادی جماعتیں کم ہیں، اس بار ہم نے مسلم لیگ (ن) کے ساتھ مل کر باقاعدہ ساری چیزیں طے کی ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ عام انتخابات کے بعد وفاق سمیت دیگر صوبوں میں حکومت سازی کیلئے پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی میں حکومت سازی کے سلسلہ میں معاملات طے پا گئے ہیں۔مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے درمیان اسحاق ڈار کی رہائشگاہ پر ملاقات ہوئی تھی، ملاقات میں دونوں جماعتوں کے درمیان حکومت سازی کا معاہدہ طے پایا تھا۔

دونوں جماعتوں کے درمیان معاہدے کے مطابق صدر مملکت کا عہدہ پیپلزپارٹی کو ملے گا، وزیراعظم مسلم لیگ ن کا ہو گا، آصف علی زرداری صدر مملکت اور شہباز شریف وزیراعظم ہوں گے، قومی اسمبلی کا سپیکر مسلم لیگ ن، چیئرمین سینٹ پاکستان پیپلزپارٹی سے ہو گا، پاکستان پیپلزپارٹی وفاقی کابینہ میں شامل نہیں ہو گی۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ ہماری دعا ہے ملک کامیاب ہو، ہماری مشکلات دور ہوں، تمام مسائل کے حل میں اللہ ہمارا ساتھ دے، ملک کو بحرانوں سے نکالنے کیلئے ن لیگ کا ساتھ دے رہے ہیں۔

صدر ن لیگ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے پاس حکومت بنانے کے نمبر پورے ہیں، ہم نئی حکومت بنانےکی پوزیشن میں ہیں، آصف زرداری کوپانچ سال کیلئے صدر مملکت منتخب کروائیں گے، دیگر اتحادی ایم کیو ایم اور ق لیگ سب مل کر ووٹ ڈالیں گے۔