سندھ کے عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی پر جس بھرپور اعتماد کا اظہارکیا ہمارا ایک ایک کارکن اس اعتماد پر پورا اتر ے گا، مرتضی وہاب

جمعہ 23 فروری 2024 22:48

سندھ کے عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی پر جس بھرپور اعتماد کا اظہارکیا ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 فروری2024ء) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ نئی اور نوجوان سوچ ہی کراچی کو آگے لے کرجائے گی، سندھ کے عوام نے پاکستان پیپلز پارٹی پر جس بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے، ہمارا ایک ایک کارکن اس اعتماد پر پورا اتر ے گا،بلاول بھٹو، آئندہ وزیراعظم شہباز شریف سے کراچی میں کے فور منصوبے کیلئے اعلان کردہ 125 ارب روپے دینے کا وعدہ پورا کرائیں گے،کہاں سے کون انتخابات میں جیتا اور کون نہیں جیتا، اس سے قطع نظر،بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں کراچی کے ہر ٹاؤن اور ہر ضلع میں کام کررہے ہیں، لیاقت آباد میں سیوریج کے مسائل تھے جنہیں حل کرنے جارہے ہیں جس پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھ رہے ہیں اسے تکمیل کے مراحل میں داخل کرینگے، پاکستان پیپلز پارٹی اور آصف زرداری کی کمٹمنٹ ہے کہ ہمارے منشور میں کئے گئے تمام وعدوں پورے کئے جائیں، جہاں جہاں اللہ کا بندہ بستا ہے ہم کام کرتے رہیں گے،یہ بات انہوں نے تین ہٹی تا ڈاک خانہ لیاقت آباد میں سیوریج نظام کی بحالی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، میئر کراچی کے نمائندہ خصوصی برائے سیاسی امور کرم اللہ وقاصی، سٹی کونسل میں پیپلز پارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان اور پیپلز پارٹی ضلع وسطی کے دیگر منتخب عوامی نمائندے بھی موجود تھے،میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ تقریباً ساڑھے سینتیس کروڑ روپے کی لاگت سے ضلع وسطی کے اس علاقے میں سیوریج منصوبے پر کام کیا جارہا ہے،تین ہٹی سے ڈاک خانہ لیاقت آباد تک تقریباً ایک کلومیٹر فاصلے پر 36 اور 42انچ قطر کی پائپ لائنیں ڈالی جارہی ہیں، منصوبے کی تکمیل پر تمام سیوریج جسے پہلے براستہ الطاف علی بریلوی روڈ ٹریٹمنٹ پلانٹ۔

(جاری ہے)

I تک لے جایاجاتا تھا اب لیاری ندی کے راستے براہ راست ٹریٹمنٹ پلانٹ S-III تک پہنچے گاجس سے علاقے میں سیوریج اوور فلو کی شکایت دور ہوگی،اس منصوبے کو ایک سال میں مکمل کرلیا جائے گا، تقریباً دو لاکھ کی آبادی کو اس سے نکاسی آب کی بہتر سہولیات حاصل ہوں گی اور علاقے میں سیوریج سسٹم کے حوالے سے 2050ء تک کی ضروریات پوری ہوجائیں گی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہاکہ حالیہ انتخابات میں یہاں سے ایم کیو ایم اور بلدیاتی انتخابات میں جماعت اسلامی منتخب ہوئی، ہم بلاتفریق لیاقت آباد میں کام کررہے ہیں، آئے روز سیوریج کے نظام کی وجہ سے لیاقت آباد کی سڑک خراب ہوتی تھی، پیپلزپارٹی بلا تفریق خدمت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے،الیکشن کے بعدضلع شرقی میں سوبا نگر اور عیسیٰ نگری گئے وہاں بھی ایسے پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا ہے، سات مزید کچی آبادیوں میں بھی ایسے پروجیکٹ بنائیں گے، سندھ اسمبلی کل اپنا حلف لے لے گی، پیر تک اس صوبے میں جیالا وزیر اعلیٰ آ جائے گا، بلا تعصب خدمت کے سلسلے کو جاری و ساری رکھیں گے، پیپلزپارٹی کی قیادت کام کر رہی ہے تو کام ہوتا نظر آئے گا، انشاء اللہ اگلے ساڑھے تین سال اس شہر کے لیے بہتر ثابت ہونگے، اس شہر کی رونقیں بھی بحال ہونگی، شہر کے تمام اضلاع میں فراہمی و نکاسی آب کے نظام کو درست اور بہتر بنایا جارہا ہے، کراچی میں تعمیر و ترقی کا سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا،انہوں نے کہاکہ سیوریج ٹریٹمنٹ کے منصوبوں پر بھی تیزی سے کام چل رہا ہے، اس کی فنڈنگ کے مسئلے کو حل کررہے ہیں، جلد ہی واٹر ری سائیکلنگ اور ڈی سیلی نیشن کے حوالے سے بھی اہم پیش رفت کرکے فراہمی آب کے مسائل کو حل کریں گے، جماعت اسلامی والے میرے اتحادی نہیں اسی لئے میرے خلاف ہیں، جماعت کے یوسی چیئرمین یہاں سے منتخب ہوئے ہیں انہوں نے یہ کام کیوں نہیں کیا، ہر جگہ کے ایم سی کے محکمے اور عملہ کام کرتا نظر آرہا ہے، جماعت کے پاس جو ٹاؤن ہیں وہاں ٹاؤن انتظامیہ کہیں نظر نہیں آتی، انہوں نے کہاکہ جہاں وسائل کا فقدان ہے وہاں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کام کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ بند اور غیر فعال اداروں کو چلا سکیں، شہر کی ترقی چاہتے ہیں تو اہم فیصلے کرنے پڑیں گے، تنقید کرنے والے جو چاہے کہیں، میں قانون کے مطابق اپنا کام کرتا رہوں گا۔