مانگے تانگے کی حکومت زیادہ عرصہ چلنے والی نہیں، پرویزالٰہی

پہلی بار دیکھ رہا ہوں ہارے ہوئے لوگ اسمبلیوں میں حلف لے رہے ہیں جس سے پوری دنیا میں ہماری جگ ہنسائی ہو رہی ہے۔ صدر تحریک انصاف کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 29 فروری 2024 15:37

مانگے تانگے کی حکومت زیادہ عرصہ چلنے والی نہیں، پرویزالٰہی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 فروری 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ مانگے تانگے کی حکومت زیادہ عرصہ چلنے والی نہیں۔ اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیشی پر صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پہلی بار دیکھ رہا ہوں کہ ہارے ہوئے لوگ اسمبلیوں میں حلف لے رہے ہیں جس سے پوری دنیا میں ہماری جگ ہنسائی ہو رہی ہے، یہ مانگے تانگے کی حکومت زیادہ عرصہ چلنے والی نہیں اور پی ڈی ایم 2 جلد اپنے انجام کو پہنچے گی۔

سابق وزیر اعلیی پنجاب نے کہا کہ تحریک انصاف کے مینڈیٹ کو تبدیل کر کے ہارے ہوئے لوگ کس منہ سے حلف اٹھا رہے ہیں، چھوٹے لاڈلے نے پہلے بڑے لاڈلے کو فیل کیا اب اپنی طرف سے نہا دھو کے پھر آ گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ادھر پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی نے سپریم کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے گجرات سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 64 کے نتائج کو چیلنج کردیا، اس حوالے سے دائر درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ قیصرہ الہٰی کو انتخابات میں کامیاب امیدوار ڈکلئیر کیا جائے، انتخابی رزلٹ فارم 45 کے مطابق جاری کیا جائے اور این اے 64 سے کامیاب امیدوار کے نوٹی فکیشن کو کالعدم قرار دیا جائے۔

پاکستان تحریک انصاف کی حمایت یافتہ آزاد امیدوار نے مؤقف اپنایا ہے کہ انتخابی عمل میں درخواست گزار کے انتخابی عمل میں مختلف اقدامات کے زریعے رکاوٹیں کھڑی گئیں، میرے پاس تمام فارم 45 موجود ہیں، فارم 45 کے مطابق مجھے 1لاکھ 61 ہزار 976 ووٹ حاصل کیےجب کہ کامیاب قرار دئیے جانے والے امیدوار نے صرف 30 ہزار 721 ووٹ لیے۔ قیصرہ الٰہی نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ درخواست گزار کو فارم 47 کی تیاری کے وقت ار او آفس میں جانے نہیں دیا گیا، میڈیا سے میری ہار کا معلوم ہوا، الیکشن کمیشن نے میری درخواست پر میری موجودگی میں آر او کو انتخابی نتائج تیار کرنے کی ہدایت کی، آر او کے پاس موجود فارم 45 ہمارے فارم 45 سے مختلف تھے، اسی دوران آر او نے دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کردیا، الیکشن کمیشن نے بھی اس حوالے سے دی گئی درخواست کو مسترد کردیا۔