Live Updates

اے ایس پی شہر بانو نقوی کو سعودی شاہی مہمان بننے کی دعوت

پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نے دعوت دیتے ہوئے کہا کہ اے ایس پی اور ان کے اہلخانہ کے تمام اخراجات سعودی حکومت برداشت کریگی اور وہ سعودی عرب کی خاص مہمان ہونگی

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 1 مارچ 2024 11:28

اے ایس پی شہر بانو نقوی کو سعودی شاہی مہمان بننے کی دعوت
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔01 مارچ2024 ء) اے ایس پی شہر بانو نقوی کو سعودی عرب نے شاہی مہمان بننے کی دعوت دیدی،شہربانونقوی اوران کے اہلخانہ کے دورہ سعودی عرب کے تمام اخراجات سعودی حکومت برداشت کرے گی اور وہ شاہی مہمان کی حیثیت سے سعودی عرب کا دورہ کرینگی، اے ایس پی اور ان کے اہلخانہ سعودی عرب کے خاص مہمان ہوں گے۔جیوٹی وی کے مطابق پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس سیدہ شہربانو نقوی اور ان کے اہل خانہ کے شاہی مہمان کی حیثیت سے دورہ ریاض کا اہتمام کریں گے۔

لاہور کی اچھرہ مارکیٹ میں عربی خطاطی والا لباس زیب تن کیے ہوئے خاتون کو مشتعل ہجوم سے بچانے والی پنجاب پولیس کی اے ایس پی شہر بانو نقوی سے پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی جانب سعودی سفارتخانے میں خاتون پولیس افسر کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی تھی۔

(جاری ہے)

سعودی سفیر نے نوجوان پولیس افسر کی جرات کو خراج تحسین پیش کیاان کا کہنا تھا کہ ہم اے ایس پی شہر بانو نقوی کی بے لوث اور بے غرض لگن سمیت پیشہ وارانہ مہارت کی تعریف کرتے ہیں۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے لاہور میں عربی رسم الخط والا لباس پہنے خاتون کو مشتعل ہجوم سے بچانے والی اے ایس پی شہربانو نقوی سے ملاقات کی تھی اور غیر یقینی صورتحال پر قابو پانے پر ان کے پروفیشنل کردار کی تعریف کی تھی۔آرمی چیف نے بہادر پولیس آفیسر شہر بانو نقوی سے ملاقات کر کے ان کے کردار کو سراہا اور کہا کہ پاکستانی خواتین زندگی کے تمام شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں، خواتین معاشرے کا انمول حصہ اور ان کا احترام مذہب اور ہماری معاشرتی اقدار میں بھی شامل ہے۔

جنرل عاصم منیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ تحفظات اور شکایات کے حل کیلئے قانونی راستے میسر ہوتے ہوئے قانون کو ہاتھ میں نہ لیا جائے، بدعت کی بنیاد پر من مانی کارروائیاں معاشرے کے نقطہ نظر کو کمزور کرتی ہیں۔یاد رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خاتون اے ایس پی شہربانو کی بہادری پر ان کو خراج تحسین پیش کیا تھا۔مریم نواز نے وزیراعلیٰ پنجاب منتخب ہونے کے بعد ایوان میں تقریر کرتے ہوئے خاتون کو ہجوم سے بچانے والی اے ایس پی شہربانو کو بھی خراج تحسین کیاتھا۔

لاہور کے علاقے اچھرہ میں عربی حروف سے مزین لباس پہن کرآنے والی خاتون کو اے ایس پی شہربانو نقوی نے اپنی جان خطرے میں ڈالتے ہوئے مشتعل ہجوم سے بحفاظت بچاتھا۔اچھرہ بازار میں شوہر کے ہمراہ شاپنگ کیلئے آئی خاتون کو لباس پر لکھے عربی حروف کے باعث مشتعل ہجوم کی جانب ہراساں کئے جانے کا واقعہ پیش آیا تھا۔جس کے بعد خاتون پولیس آفیسر اے ایس پی شہربانو نقوی اپنی جان خطرے میں ڈال کر خاتون کو مشتعل ہجوم سے بحفاظت بچانے میں کامیاب ہوئی تھی۔

Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات