پیپلز پارٹی نے صدارتی انتخابات کے لیے سیاسی جماعتوں سے رابطے تیز کردیے

متحدہ قومی موومنٹ سے رابط‘ پی پی کا وفد آج مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرئے گا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 5 مارچ 2024 12:36

پیپلز پارٹی نے صدارتی انتخابات کے لیے سیاسی جماعتوں سے رابطے تیز کردیے
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05 مارچ۔2024 ) پاکستان پیپلز پارٹی نے سابق صدر آصف زرداری کو ایک بار پھر صدر مملکت بنانے کے لیے سیاسی جماعتوں سے رابطے تیز کردیے ہیں اس سلسلے میں پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار آصف علی زرداری نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی سے رابطہ کیا. نجی ٹی وی کے مطابق آصف علی زرداری نے ایم کیو ایم پاکستان سے ووٹ دینے کی درخواست کی جس پر خالد مقبول صدیقی نے انہیں مشاورت کے بعد جلد جواب دینے کی یقین دہانی کرادی ہے پیپلزپارٹی اورمسلم لیگ (ن)کے وفد نے اسلام آباد میں ایم کیو ایم پاکستان کے راہنماﺅں سے بھی ملاقات کی ہے، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی آج اس حوالے سے فیصلہ کرے گی.

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کا وفد آج جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے بھی ملاقات کرے گا دوسری جانب مسلم لیگ (ق) اور استحکام پاکستان پارٹی نے پہلے ہی آصف زرداری کو صدر کے لیے ووٹ دینے کی یقین دہانی کرارکھی ہے. یاد رہے کہ گزشتہ روز صدارتی الیکشن کے لیے آصف علی زرداری اور محمود خان اچکزئی کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے گئے ہیں، الیکشن کمیشن نے امیدواروں کے ناموں کی حتمی فہرست بھی جاری کردی ہے صدارتی اتخابات کے لیے پولنگ 9 مارچ کو پارلیمنٹ ہاﺅس اسلام آباد اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں صبح 10 بجے سے سہ پہر 4 بجے تک جاری رہے گی.