Live Updates

-عمران خان پر بنائے گئے سارے کیسز بے بنیاد اور غیر قانونی ہیں ، علی امین خان گنڈا پور

G ہمارا مطالبہ ہے عمران خان کا فری اینڈ فیئر ٹرائل کرکے فوری طور پر رہا کیا جائے،عمران خان کو توشہ خانہ سے ایک چیز قانونی طور پر لینے کی سزا دی جارہی ہے، وزیراعلیٰ _آصف زرداری غیر قانونی طریقے سے توشہ خانہ سے قیمتی گاڑی لینے کے باوجود ملک کے صدر بن گئے، مریم نواز نے کوئی عہدہ نہ ہونے کے باوجود توشہ خانہ سے گاڑی لی وہ وزیراعلی پنجاب بن گئی شہباز شریف اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کرنے کے باوجود ملک کا وزیراعظم بن گیا ، پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام احتجاجی جلسے سے خطاب

اتوار 10 مارچ 2024 20:35

Tپشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 مارچ2024ء) وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ عمران خان پر بنائے گئے سارے کیسز بے بنیاد اور غیر قانونی ہیں ، ہمارا مطالبہ ہے کہ عمران خان کا فری اینڈ فیئر ٹرائل کرکے فوری طور پر رہا کیا جائے۔عمران خان کو توشہ خانہ سے ایک چیز قانونی طور پر لینے کی سزا دی جارہی ہے جبکہ آصف زرداری غیر قانونی طریقے سے توشہ خانہ سے قیمتی گاڑی لینے کے باوجود ملک کے صدر بن گئے ہیں ،اسی طرح مریم نواز نے کوئی عہدہ نہ ہونے کے باوجود توشہ خانہ سے گاڑی لی ہے اوروہ وزیراعلی پنجاب بن گئی ہیں، شہباز شریف اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کرنے کے باوجود ملک کا وزیراعظم بن گیا ہے ۔

اتوار کے روز پشاور میں پاکستان تحریک انصاف کے زیر اہتمام احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی نے کہا کہ سائفر کیس عمران خان اور ان کی حکومت کے خلاف ایک سازش ہے ، سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس سے ہمارا مطالبہ ہے کہ جوڈیشل کمیشن بناکر اس سازش کے آلہ کاروں کو سامنے لایا جائے اور عوام کو حقیقت بتائی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کو جس طرح توڑنے کی کوشش کی گئی ہے وہ سب کے سامنے ہے ۔

ہمارے ورکرز کو جیلوں میں ڈالا گیا ، خواتین کو پابند سلاسل کیا گیا ، پارٹی سے انتخابی نشان چھینا گیا حتی کہ پارٹی کا جھنڈا لہرانے کی اجازت بھی نہیں تھی لیکن میں عوام کو سلام پیش کرتاہوں جنہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں اور ان کے نشان ڈھونڈ ڈھونڈ کر انہیں ووٹ دیکر کامیاب بنایا۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ فارم 45 کے مطابق عوام کا مینڈیٹ تسلیم کیا جائے اور حقدار کو اس کا حق فوری طور پر دیا جائے ، ہماری مخصوص نشستیں دیگر سیاسی جماعتوں میں بانٹنا غیر قانونی اور غیر آئینی فعل ہے ، ہم اپنا حق لینے کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے اور عوام کا مینڈیٹ واپس لینے تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں مجبور نہ کیا جائے کہ ہم آگے بڑھنے کی بجائے اپنے حق کے لئے آواز اٹھاتے رہیں۔ ہم اپنا حق مانگتے ہیں اور ہر صورت اپنا حق لیکر رہیں گے۔ علی امین کا کہنا تھا کہ ملک میں آئین کے ساتھ بار بار کھلواڑ کیا جارہا ہے ، خیبرپختونخوا اور پنجاب میں اسمبلی تحلیل کے بعد نوے دن کے اندر اندر انتخابات کرانا آئینی ذمہ داری تھی لیکن وہ پوری نہیں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ آئین کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں کو آرٹیکل 6 کے تحت سزا دلوائی جائے گی۔ ہم ملک میں آئین کی بالادستی اور قانون کی عملداری پر یقین رکھتے ہیں، عوام ہماری ٹیم بنیں اور کرپشن ، ظلم اور ناانصافی کے خلاف جہاد میں ہمارا ساتھ دیں۔ ہم سب ملکر اس صوبے کو ایک مثالی صوبہ بنائیں گے ، یہ عوامی حکومت ہے اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ہی اقدامات کرے گی ۔

وزیراعلی نے کہا کہ صوبے سے غربت کا خاتمہ امن و امان کی بحالی ، غریب و متوسط طبقے کی بھلائی ، موجودہ حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔ جلسے سے پاکستان تحریک انصاف کے منتخب ممبران قومی و صوبائی اسمبلی، صوبائی وزرااور دیگر پارٹی رہنماو ں نے بھی خطاب کیا ۔ پشاور سے تعلق رکھنے والے پارٹی ورکروں کی بڑی تعداد نے جلسے میں شرکت کی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات