گوادر میں ٹرالر مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا جائے ، مولانا ہدایت الرحمن بلوچ

جمعہ 15 مارچ 2024 22:01

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 مارچ2024ء) حق دو تحریک کے سربراہ رکن بلوچستان اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ گوادر میں ٹرالر مافیا کے خلاف گرینڈ آپریشن کیا جائے بارشوں سے متاثرین کے یوٹیلٹی بلز معاف اور بارڈر کو روزگار کے لئے کھولا جائے تاکہ لوگوں کی مشکلات کم ہوسکیں۔ اگر مطالبات حل نہ ہوئے تو اسمبلی کے اندر اور گوادر کی سڑکوں پر بلوچستان کے حقوق کے لئے احتجاج کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کیا اس موقع پر جماعت اسلامی کے سیکرٹری اطلاعات عبدالولی شاکر، مرتضیٰ کاکڑ و دیگر بھی موجود تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ کئی سالوں سے گوادر اور بلوچستان کیلئے جدوجہد شروع کی خواتین اور مردوں نے تاریخی دھرنے دیئے اور ریلیاں نکالیں 4 ماہ قید بھی رہا۔

(جاری ہے)

بلدیاتی الیکشن اور قومی و صوبائی اسمبلی میں بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرکے 40 سالوں سے مسلط مافیا کو گوادر کے ماہی گیروں اور لوگوں نے شکست دی۔

لیکن قومی اسمبلی کی سیٹ پر ٹھپہ ماری کے ذریعے ہمارے مینڈیٹ کو چوری کیا گیا۔ روز اول سے ٹرالر مافیا کے خلاف تھے اب بھی اسمبلی فلور اور سڑکوں پر اس کی مخالفت کرکے ماہی گیروں کی وکالت کریں گے۔ ٹرالر مافیا کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔ سندھ کے ٹرالر مافیا بلوچستان میں آکر بدمعاشی کرتے ہیں جس کی وجہ سے لوگوں کو ذریعہ معاش سے محروم کیا جارہا ہے اور سمندر کو تاراج کرکے بانجھ بنانے کی کوشش ہورہی ہے۔

بارڈر بند ہونے کی وجہ سے لوگ بے روزگار ہورہے ہیں بارڈر کھول کر لوگوںکو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کئے جائیں روزگار نہ ہونے کی وجہ سے لوگ دہشت گردی اور منفی سرگرمیوں کا حصہ بن رہے ہیں آج بھی گوادر کے لوگوں کے گھروں میں پانی موجود ہے 2002 سے ترقی کے دعوے مستقبل کا دبئی ،سنگاپور، سی پیک کے ماتھے کا جھومر ڈوب گیا وزراء اعظم آتے رہے فیتے کاٹتے رہے ان کے تمام دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوئے گوادر کی بیورو کریسی نے کرپشن اور کمیشن کا بازار گرم کرکے بیرون ممالک میں کاروبار کررہے ہیںگوادرکی بیورو کریسی وزیر کا درجہ رکھتی ہے۔

وزیر اعظم کا گوادر آنا کافی نہیں عوام کو راشن بھیجا جارہا ہے ہمیں10 کلو آٹے کی ضرورت نہیں ہمیں چھت اور گھربنا کردیں عزت کی زندگی گزارنا چاہتے ہیں نہ کہ بھکاری بنکر لائن میں ہمیں کھڑا کیا جائے۔ نگران حکومت نے زبانی طور پر گوادر کو آفت زدہ قراردیا مگر عملی طور پر کوئی اقدامات نہیں کئے گئے۔ حکومت جہانگیر ترین کے 300 ارب روپے کے قرضے معاف کرتی ہے تو گوادر کے متاثرین کو ریلیف دیکر زرعی قرضے، یوٹیلٹی بلز معاف کرکے انہیں گھر بناکر دیئے جائیںاور دیہی علاقوں کے زرعی بندات ٹوٹ گئے ہیںحکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرکے عوام کے نقصانات کا ازالہ کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے اراکین اسمبلی صوبے میں تو گاڑیوں کے قافلے میں شاہانہ انداز اور پروٹوکول میں آتے ہیںلیکن وہ اسلام آباد والوں کے سامنے بے بس اور ان کے محتاج ہیں اسی وجہ سے صوبائی کابینہ تاخیر کا شکار ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارے عوامی نمائندے اپنے مرکزی قائدین اور اسلام آباد کے سامنے بے بس ، مجبور اور لاچار ہیں انہیں اپنے بھرم کو برقرار رکھنے کیلئے وزارت کو ٹھوکر مارتے ہوئے اپنی عزت کو برقرار رکھیں تاکہ انہیں اہمیت دی جاسکے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گوادر کے 120 پولنگ اسٹیشنوں پر کوئی دھاندلی نہیں ہوئی اور میں قوم کے مفاد کا سودا نہیں کرسکتا کیونکہ میں نے اپنے لوگوں کے روزگار کو بچانے کے لئے ٹرالر مافیا کے خلاف آپریشن کیلئے ساتھ دیا ۔ وزارت یا پی ایس ڈی پی میں کے لئے ساتھ نہیں دیا صدر کے انتخاب میں وفاق کا ساتھ نہیں دیا۔