’’یوم پاکستان‘‘: مقبوضہ جموںوکشمیر میں ’’مبارکباد‘‘ کے پیغامات والے پوسٹر چسپاں

ستونوں ، کھمبوں اور دیواروں پر چسپاں پوسٹروں میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا معروف فرمان’’کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ‘‘ اور معروف حریت قائد شہید سید علی گیلانی کا مشہور نعرہ’’ہم پاکستانی ہیں ، پاکستان ہمار اہے‘‘ درج ہیں

جمعرات 21 مارچ 2024 14:41

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2024ء) 23 مارچ بروز ہفتہ منائے جانے والے’’ یوم پاکستان ‘‘سے قبل بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر کے گرمائی دارلحکومت سری نگر اور دیگر علاقوں میں ایک مرتبہ پھر مبارکباد کے پیغامات والے پوسٹر چسپاں کیے گئے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پوسٹر کل جماعتی حریت کانفرنس، جموں و کشمیر پیپلز لیگ، جموں و کشمیر پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ، جسٹس اینڈ پیس انیشی ایٹو، نوجوانان حریت جموں کشمیر، جموں کشمیر ڈیموکریٹک موومنٹ، وارسین شہداء، جموں کشمیر پیپلز پارٹی ، ریزسٹنس پارٹی، جموں کشمیر اسٹوڈنٹس یوتھ فورم، فریڈم لورز اور دیگر آزادی پسند جماعتوں نے چسپاں کیے ہیں۔

ستونوں ، کھمبوں اور دیواروں پر چسپاں پوسٹروں میں بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا معروف فرمان’’کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ‘‘ اور معروف حریت قائد شہید سید علی گیلانی کا مشہور نعرہ’’ہم پاکستانی ہیں ، پاکستان ہمار اہے‘‘ درج ہیں۔

(جاری ہے)

پوسٹروں میں مصور پاکستان علامہ محمد اقبال ؒ، بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ ،شہید ملت لیاقت علی خانؒ اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی تصاویر موجود ہیں۔

پوسٹروں میں لکھا ہے’’جموں و کشمیر کے لوگ غیر قانونی بھارتی قبضے سے آزادی چاہتے ہیں، جموں و کشمیر پاکستان کا حصہ ہے ،بھارت نے کشمیر کو فوجی چھاؤنی میں تبدیل کر دیا ہے، کشمیری اپنے حق خودارادیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے،پوسٹر فیس بک اور ٹویٹر سمیت سماجی رابطوں کی دیگر سائٹوں پر بھی اپ لوڈ کیے گئے ہیں۔