مقبوضہ جموںوکشمیر میں ”یوم پاکستان “پر مبارکباد کے پیغامات والے پوسٹر چسپاں کیے جانے کا سلسلہ جاری

جمعہ 22 مارچ 2024 16:54

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2024ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں سرینگر اور دیگر علاقوں میں ہفتہ کو منائے جانے والے ”یوم پاکستان“ سے قبل مبارکباد کے پیغامات والے پوسٹر چسپاں کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سرینگر اور مقبوضہ وادی کشمیر کے دیگر علاقوں کے علاوہ جموں خطے کے ڈوڈہ میں کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر آزادی پسند تنظیموں کی طرف سے دیواروں، کھمبوں ،ستونوں وغیرہ پر چسپاں پوسٹروں میں قائد اعظم محمد علی جناح کا معروف فرمان”کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے “ اور معروف حریت قائد شہید سید علی گیلانی کا مشہور نعرہ”ہم پاکستانی ہیں ، پاکستان ہمار اہے“ درج ہیں۔

پوسٹروں میں مصور پاکستان علامہ محمد اقبال ؒ، بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ ،شہید ملت لیاقت علی خانؒ اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی تصاویر موجود ہیں۔

(جاری ہے)

پوسٹروں میں لکھا ہے”جموں و کشمیر کے لوگ غیر قانونی بھارتی قبضے سے آزادی چاہتے ہیں، جموں و کشمیر پاکستان کا حصہ ہے ،بھارت نے کشمیر کو فوجی چھائو نی میں تبدیل کر دیا ہے، کشمیری اپنے حق خودارادیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے‘‘،پوسٹروں کے ذریعے پاکستانی عوام اور حکومت کو یوم پاکستان کی مبارکباد دیتے ہوئے مملکت خداداد کی دن دوگنی رات چوگنی ترقی کیلئے دعا کی گئی۔