Live Updates

امریکی سفیر سے ملاقات ہوئی تو ڈونلڈ لو اور امریکی سفارتخانے کے کردار پر بات کروں گا،عمران خان

مجھے جیل میں رکھنا ہے تو رکھیں مگر باقی لوگوں کو رہا کر دیا جائے، سائفر دفتر خارجہ میں موجود ہے، ہمیں پیرا فریز کاپی دی گئی تھی۔ سائفر سے پاکستان متاثر ہوا تو کیوں اس پر انکوائری نہیں ہوئی،صحافیوں سے گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 26 مارچ 2024 16:41

امریکی سفیر سے ملاقات ہوئی تو ڈونلڈ لو اور امریکی سفارتخانے کے کردار ..
راولپنڈی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 مارچ2024 ء) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ مجھے جیل میں رکھنا ہے تو رکھیں مگر باقی لوگوں کو رہا کر دیا جائے، امریکی سفیر ملنے جیل نہیں آئے، امریکی سفیر سے ملاقات ہوئی تو ڈونلڈ لو کے بیان اور امریکی سفارتخانہ کے کردار پر بات کروں گا۔اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اصل سائفر دفتر خارجہ میں موجود ہے، ہمیں پیرا فریز کاپی دی گئی تھی۔

سائفر سے پاکستان متاثر ہوا تو کیوں اس پر انکوائری نہیں ہوئی۔ سائفر گم ہوا تو وزیراعظم اپنے آفس کا چوکیدار نہیں ہوتا۔ وزیراعظم آفس کے کچھ سیکیورٹی پروٹوکول ہوتے ہیں۔ ڈونلڈ لو کے بیان پر دوبارہ انکوائری کروائی جائے۔ نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کی میٹنگ میں اسد مجید نے دھمکی کا بتایا، اسد نے آفیشل میٹنگ پر سائفر بھیجا تھا، امریکا میں سماعت میں ڈونلڈ لو اگر رجیم چینج کو تسلیم کر لیتا تو اس کا دباوٴ پوری جو بائیڈن حکومت پر آتا، بائیڈن حکومت ہل جاتی۔

(جاری ہے)

9 مئی واقعات کی تحقیقات اور 8 فروری کے انتخابات کیلئے الگ الگ جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، 9 مئی کو بنیاد بنا کر ایک سیاسی جماعت کو ختم کیا جارہا ہے۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے کہنا چاہتا ہوں کہ پی ٹی آئی کی 25 مئی کی پٹیشن کو سنا جائے اور نو مئی واقعات کی تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔9 مئی واقعات پر اب تک کوئی انکوائری نہیں ہوئی، چیف جسٹس قاضی فائز عیسی سی سی ٹی وی فوٹیجز کو ریکور کرنے کا حکم دیں۔

جنہوں نے سی سی ٹی وی چوری کی وہی نو مئی کے ذمہ دار ہیں، کرائم کی انفارمیشن چھپانا بھی جرم ہے۔9 مئی کا واقعہ کرکے ہم پر الزام لگا دیا گیا، نو مئی کی بنیاد پر ایک سیاسی جماعت کو ختم کیا جا رہا ہے، یہ سب کچھ لندن پلان کے تحت چل رہا ہے، مجھے اندر کرنا تھا اور نواز شریف کو لانا تھا، نواز شریف ، اس کے بچوں اور زرداری کے کیسز کو ختم کر دیا گیا، کرپشن کی کتابوں والوں کو کلیئر کیا جا رہا ہے۔

بانی پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ 8 فروری پر بھی جوڈیشل انکوائری کروائی جائے۔ انتخابات میں اکثریت کو اقلیت میں بدل دیا گیا۔ الیکشن کمیشن جس نے خود دھاندلی کروائی وہ کیسے انکوائری کر سکتا ہے، دھاندلی زدہ الیکشن سے بننے والی حکومت اور صدر زرداری کی کوئی حیثیت نہیں، حکومت گرانے کے بینیفیشری حکومت میں بیٹھ گئے تو انکوائری کیسے ہوگی۔ عمر ایوب کو اپوزیشن لیڈر اور شیر افضل مروت کو پی اے سی کا چیئرمین نامزد کیا ہے، پنجاب میں 40 ایم پی ایز کے فارورڈ بلاک سے متعلق علم نہیں۔ رانا ثنا اللہ کے بیان پر یہی کہنا چاہوں گا کہ مافیاز ایسا ہی کرتے ہیں، ہم 8 فروری والے ہیں سیاسی طور پر مقابلہ کرتے ہیں اور یہ مخالفین کا خاتمہ کرتے ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات