Live Updates

عمران خان کی جدوجہد کے ثمرات بالاخر سامنے آنے شروع ہو گئے ہیں،خواجہ فاروق احمد

بدھ 27 مارچ 2024 19:40

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی جائنٹ سیکرٹری اپوزیشن لیڈر خواجہ فاروق احمد نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے 8 میں سے 6 ججز صاحبان نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کو اپنے ایک مشترکہ خط میں بیرونی مداخلت کی جانب سے توجہ دلانے اور قبل ازیں 2023 اور 2024میں بھی ایسے ہی خطوط ساتھ منسلک کرنے کو پاکستان کی سیاست میں ایک بڑی نمایاں تبدیلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی جدوجہد کے ثمرات بالاخر سامنے آنے شروع ہو گئے ہیں حکومت کے بت ٹوٹنے شروع ہو گئے ہیں، عمران خان نے قوم کو بالآخر جگا دیا ہے کہ آج قابل احترام ججز نے بھی اپنے چیف جسٹس سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا،انصاف دینے والوں نے بھی انصاف مانگ لیا یہی تبدیلی ہے جس کا آغاز ہو چکا ہے ، خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ اس تبدیلی کے اثرات آزادکشمیر میں بھی آئیں گے ، اسمبلیوں کے فورم اسی لیے ہوتے ہیں کہ قومی مسائل پربات کی جا سکے ، ہماری بدقسمتی ہے کہ ہماری حکومت اسمبلی جیسے اہم ادارے کا اجلاس مہینوں بلاتی ہی نہیں ہے ، تحریک انصاف نے اجلاس بلانے کیلئے ریکوزیشن جمع کرا دی ہوئی ہے ، آزادکشمیر کے وزیراعظم بھی آ ج کل مظفرآباد آئے ہوئے ہیں تو لگے ہاتھوں اپنے اس دورے میں اسمبلی کا اجلاس بھی بلا لیں تاکہ آزادکشمیر کی سیاست معاشی صورتحال پر پاکستان کی بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال کے تناظر میں بات کی جا سکے ، مودی کے مقبوضہ کشمیر کے حالیہ دورے کے اثرات کو زیر بحث لایا جا سکے ، آخر اسمبلیاں کس لیے تشکیل دی جاتی ہے پاکستان میں تبدیلی آ چکی ہے اور ان شاء اللہ اس کے مثبت اثرات آزادکشمیر میں بھی آئیں گے ، عمران خان کا جادو سر چڑھ کر اب گونجدار آواز میں بول رہا ہے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات