اسرائیل کی فلسطین پر جارحیت قابل مذمت ،غزہ میں غذائی قلت سے بچوں کی اموات ناقابل قبول ہیں، چیئرپرسن ویمن کمیشن آزاد کشمیر

جمعرات 28 مارچ 2024 17:42

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مارچ2024ء) چیئرپرسن وویمن کمیشن ریحانہ خان نے کہا ہے کہ اسرائیل کی فلسطین پر جارحیت قابل مذمت ہے ۔اس وقت غزہ دنیا کی بدترین جیل ہے، غزہ میں غذائی قلت سے بچوں کی اموات مکمل طور پر ناقابل قبول ہیں۔ عالمی برادری کو غزہ میں جنگ سے متاثرہ لوگوں تک امداد کی فراہمی میں تیزی لانے کی کوشش کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ میں انسانیت کا قتل عام جاری رہا تودنیا تیسری عالمی جنگ کی لپیٹ میں آسکتی ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ مغرب کو اپنا دوہرا معیار ختم کرنا ہو گا ورنہ تہذیبوں کے تصادم کو روکنا ناممکن ہو جائے گا۔اسرائیل کی طرف سے غزہ میں سول آبادی پر کیمیاوی ہتھیاروں سے بمباری اور قتل عام انسانیت کی توہین اور قابل مذمت فعل ہے، اقوام متحدہ اور ریڈ کراس و دیگر رفاعی ایجنسیوں کو فوری متاثرہ آبادی کو علاج معالجہ، پانی و متبادل رہائش و دیگر سہولتیں فراہم کرنی چاہئیں۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ، او آئی سی، عرب لیگ، چین، روس، جرمنی، ترکی، ایران اور سعودی عرب کو غزہ میں سیز فائر کو یقینی بنانے کے لئے اسرائیل سے فوری بات کرنی چاہیے، ورنہ یہ جنگ کئی ممالک تک پھیلنے کا امکان بڑھ جائے گا اور کسی کے کنٹرول میں نہیں رہے گی۔انھوں نے کہا اگر اسرائیل نے فلسطین پر ظلم بند نہ کیا تو وہ وقت دور نہیں وہ اپنیہی تباہی اور بربادی کا سبب بن سکتا ہے، مسلمانوں کے جذبات سے کھیلنا بند کرے انھوں نے کہا مسلمان اسلام پر قربان ہونے کو تیار ہیں اور کبھی کافر کے آگئے نہیں جھکیں گے۔