بھارتی انتظامیہ نے سری نگر کی جامع مسجد سیل کردی، میر واعظ گھر میں نظر بند

جمعہ 5 اپریل 2024 16:51

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اپریل2024ء) بی جے پی کی فرقہ پرست بھارتی حکومت نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں آج جمعتہ الوداع کے موقع پر سرینگر کی تاریخی جامع مسجد ایک مرتبہ پھر سیل کرکے کشمیری مسلمانوں کو مسجد میں نماز جمعہ ادا کرنے سے روک دیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق قابض بھارتی حکام نے آج علی الصبح جامع مسجد پہنچ کر اس کے دروازوں کو تالے لگا دیے۔

لوگوں کو مسجد تک پہنچنے سے روکنے کے لیے نوہٹہ اور سری نگر کے دیگر علاقوں میں بڑی تعداد میں بھارتی پیرا ملٹری اور پولیس اہلکارتعینات کیے گئے ۔انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کو بھی آج سری نگر میں گھر میں نظر بند کر دیا۔ بھارتی فورسز اہلکاروں نے صحافیوں کو میرواعظ کی طرف سے بلائی گئی پریس کانفرنس میں شرکت سے روکنے کیلئے نگین کے علاقے میں واقع ان کی رہائش گاہ میں داخل نہیں ہونے دیا۔

(جاری ہے)

میرواعظ نے بعد ازاں شوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک پیغام میں جمعتہ التوداع کے موقع پر تازہ ترین پابندیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے دینی امور میں صریح مداخلت قرار دیا۔ انہوں نے کشمیری سیاسی نظر بندوں کی رہائی کا مطالبہ اور فلسطین کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کا بھی اظہار کیا۔دریں اثنا، بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی میں آج ضلع بارہمولہ کے علاقے اوڑی میں محاصرے اور تلاشی کی نام نہاد کارروائی کے دوران دو کشمیری نوجوانوں کو جعلی مقابلے میں شہید کر دیا۔

ضلع راجوری کے علاقے بدھل میں ایک چھ سالہ بچہ بھارتی فو ج کی گاڑی کی دانستہ ٹکر سے اس وقت جان بحق ہو گیا جب وہ اپنے گھر کے قریب کھیل رہا تھا ۔ علاقے کے لوگوں نے واقعہ پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کی گاڑی نے جان بوجھ کر بچے کی جان لی ۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں حریت رہنماو ¿ں سمیت ہزاروں کشمیریوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عید الفطر سے قبل ان کی رہائی کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمد یاسین ملک، نعیم احمد خان ، آسیہ اندرابی اور دیگر گزشتہ کئی برس سے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں بند ہیں۔انہوں نے نظربندوں کے عزم و استقامت کو سلام پیش کرتے ہوئے مقبوضہ علاقے کے صاحب ثروت افرادسے اپیل کی کہ وہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار افراد کی بھر پور مالی مدد اور عید کی خوشیوں میں انہیں بھی شریک کریں ۔بارہمولہ کے علاقے رفیع آباد میں بھارتی پیرا ملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے ایک اہلکار نے اپنی سروس رائفل سے گولی مار کر خود کشی کر لی۔