شبیرشاہ کا جدوجہدآزادی جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ، بھارت تحریک آزادی کو بدنام کرنے کے لیے ایک نیا ڈرامہ رچا سکتا ہے

منگل 9 اپریل 2024 15:14

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2024ء) غیر قانونی طورپر نظربند کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اورجموں وکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے چیئرمین شبیر احمد شاہ نے کشمیری عوام کے عزم وہمت کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی کے لیے ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے اپنے عیدپیغام میں کشمیری عوام اور حریت قیادت کے اس عزم کا اعادہ کیاکہ مشکلات کے باوجود آزادی اور حق خود ارادیت کے حصول کے لئے جدوجہد کو جاری رکھا جائے گا۔

شبیر احمد شاہ نے فلسطین اور کشمیر میں جاری تشدد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دنیا بھر کے مسلمانوں بالخصوص غیر ملکی قبضے اور ظلم وجبر سے متاثرہ مسلمانوں کوعید کی مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے صاحب ثروت لوگوں پر زور دیا کہ وہ عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر غریبوں، ناداروں اور یتیموں کی مدد کریں۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے ایک علیحدہ بیان میںمقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی طرف سے استعمال کیے جانے والے مذموم ہتھکنڈوں کی شدید مذمت کی ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ بھارتی حکومت تحریک آزادی کو بدنام کرنے کے لیے ایک نیا ڈرامہ رچا سکتی ہے اور بھارتی لوک سبھا انتخابات سے قبل کشمیر کے بارے میں جھوٹے بیانیے کو فروغ دے سکتی ہے۔ ترجمان نے مقبوضہ علاقے میں محاصرے اور تلاشی کی بڑھتی ہوئی کارروائیوںکی شدید مذمت کی۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے سرینگر میں صحافیوںسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت دفعہ370کی منسوخی کے بعد ظلم وجبر کے خلاف بولنے پر ان کی پارٹی کو نشانہ بنا رہی ہے۔

تاہم انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مشکلات کے باوجود وہ ظلم کے خلاف بات کرتی رہیں گی۔ دریں اثناء ماہرین مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کی جانب سے جنوبی افریقہ سے سیب درآمد کرنے کے معاہدے کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں سیب کی صنعت کو نقصان پہنچانے کی دانستہ کوشش قراردے رہے ہیں۔ کاشتکاروں اور بیوپاریوںنے اس معاہدے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے کشمیر کی معیشت کوتباہ کرنے کا ایک سوچا سمجھا اقدام قرار دیا۔ ادھر بھارتی ریاست اتراکھنڈ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کو نامعلوم مسلح افراد نے ضلع شوپیاں میں گولی مار کر زخمی کر دیا۔ زخمی بھارتی شہری کو جس کی شناخت دلرنجیت سنگھ کے نام سے ہوئی ہے، مقامی ہسپتال لے جایا گیا جہاں اس کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔