فاروق رحمانی کی مظلوم کشمیریوں سمیت امت مسلمہ کو عید الفطر کی مبارکباد

منگل 9 اپریل 2024 15:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 اپریل2024ء) کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے سینئر رہنما محمد فاروق رحمانی نے امت مسلمہ بالخصوص مظلوم کشمیری وفلسطینی عوام کو دل کی گہرائیوں سے عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان دونوں خطوں کے لوگ نسل پرست اور سامراجی قوتوں کے ہاتھوں وحشیانہ قتل و غارت کا شکار ہیں۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کشمیرو فلسطین میں مسلمانوں کو اپنی بقاکے خطرے کا سامنا ہے ، مسلمانوں کی زمینوں اور دیگر املاک پر قبضہ کر کے انہیں اپنے ہی وطن میں اجنبی بنایاجا رپاہے ۔ انہوں نے فلسطین کے علاقے غزہ میں جاری نسل کشی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی طاغوت نے صرف گزشتہ چھ ماہ میں 30ہزار سے زائد بے گناہ فلسطینی شہید کیے جن میں خواتین اور بچوں کی ایک بڑی تعداد شامل ہے۔

(جاری ہے)

محمد فاروق رحمانی نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں لوگوں کی حالت زار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت مقبوضہ علاقے میں بالکل اسی پالیسی پر عمل پیرا ہے جو اسرائیل نے فلسطین میں اپنا رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں بھارت نے گزشتہ تین دہائیوں کے دوران ایک لاکھ کے لگ بھگ کشمیری شہید کیے ۔ محمد فاروق رحمانی نے مسلم دنیا کی حالت زار کی طرف اشارہ کرتے ہوئے واضح کیا مسلم حکمران قرآن و سنت کے راستے پر عمل پیرا ہو کر ہی اپنے مسائل ومشکلات پر قابو پاسکتے ہیں۔

دریں اثناء جموں و کشمیر نیشنل فرنٹ کے ترجمان نے بھی ایک بیان میں امت مسلمہ کو عید الفطر کی دلی مبارکباد دیتے ہوئے مقبوضہ جموں وکشمیر کے متمول افراد سے اپیل کی کہ وہ غریب اور بے سہارا افراد سمیت بھارتی ریاستی دہشت گردی سے متاثر ہ لوگوں کی دل کھول کر مدد کریں اور انہیں بھی عید کی خوشیوں میں شریک کریں۔