شوال کا چاند نظر آگیا، ملک بھر میں عید الفطر (آج) منائی جائے گی

ملک کے مختلف حصوں سے شوال کے چاند کی رویت کی شہادتیں موصول ہوئیں، چیئر مین رویت ہلال کمیٹی

منگل 9 اپریل 2024 21:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 اپریل2024ء) پاکستان میں شوال کا چاند نظر آ گیا اور ملک بھر میں عید الفطر (آج) بدھ 10 اپریل کو منائی جائے گی۔منگل کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس وزارت مذہبی اموراسلام آباد میں چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی سربراہی میں ہوا۔اجلاس میں مختلف مکتب فکر کے علمائے کرام اور محکمہ موسمیات کے ماہرین بھی شریک ہوئے۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو ملک بھر سے شوال کا چاند نظر آنے کی 25 شہادتیں موصول ہوئیں، مرکزی کمیٹی کے اجلاس میں ان شہادتوں کا جائزہ لیا گیا۔کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی ہوئے۔زونل رویت ہلال کمیٹی لاہور کے اجلاس میں مفتی محمد اسحٰق ساقی الازہری، مولانا محمدعارف سیالوی، مولانا شفیق احمد پسروری اور دیگر علما شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں تکنیکی معاونت ریجنل ڈائریکٹر محکمہ موسمیات پنجاب شاہد عباس نے کی۔پشاور میں بھی زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا، شہر میں موسم ابر آلود رہا۔شوال کا چاند دیکھنے کے لیے زونل رویت ہلال کمیٹی کوئٹہ کا اجلاس بھی ہوا، اجلاس کی صدارت خطیب بلوچستان مولانا انوار الحق حقانی نے کی۔اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی، محکمہ موسمیات اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندے شریک ہوئے۔

بعد ازاں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئر مین مولانا عبد الخبیر آزاد نے پاکستان میں شوال کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا۔انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں سے شوال کے چاند کی رویت کی شہادتیں موصول ہوئیں، یکم شوال المکرم 1445 ہجری 10 اپریل بروز بدھ ہوگا۔ذرائع کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں چاند نظر آنے کی اطلاعات موصول ہوئیں، کوہلو، لورالائی، ژوب اور جیونی میں چاند نظر آنے کی اطلاعات سامنے آئیں۔

کراچی میں زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوا۔زونل کمیٹی کراچی کے سربراہ حافظ محمد سلفی نے کہا کہ کمیٹی کو اب تک چاند نظر نہیں آیا تاہم ذرائع کے مطابق کراچی سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی تھی کہ ملک میں عیدالفطر کا چاند 9 اپریل کو نظر آنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق لاہورمیں رویت کا دورانیہ 6 بج کر 19 منٹ سے 7 بج کر 21 منٹ تک ہے۔

وفاقی حکومت پہلے ہی عید الفطر کے لیے 4 تعطیلات کا اعلان کرچکی ہے۔حکومت کی جانب سے جاری نوٹی فکیشن میں بتایا گیا کہ عید کی تعطیلات 10 اپریل بدھ سے 13 اپریل ہفتہ تک ہوں گی۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ان تعطیلات کے دوران تمام سرکاری اور نیم سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔یاد رہے کہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر ، افغانستان، آسٹریلیا اور لندن میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا تھا جس کے بعد ان ممالک میں عیدالفطر 10 اپریل بروز بدھ منائی جائے گی۔

سعودی عرب میں یکم شوال 1445ہجری کا چاند دیکھنے کے لیے اعلی عدالتی کونسل کا اجلاس ہوا جس کے بعد حرمین انفو کی جانب سے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کیا گیا۔اس میں کہا گیا کہ سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔ مملکت میں عیدالفطر 10 اپریل بروز بدھ ہوگی۔متحدہ عرب امارات میں بھی چاند دیکھنے کے لیے اجلاس ہوا تاہم پورے ملک میں کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔

متحدہ عرب امارات میں بھی 10 اپریل کو عید منائی جائیگی، قطر میں بھی چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد وہاں بھی بدھ کو عید منائی جائے گی۔ادھر افغانستان میں بھی شوال کا چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا تاہم کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی شہادت نہیں ملی جس کے بعد بدھ کو عید کا اعلان کردیاگیا۔آسٹریلیا فتوی کونسل نے بھی شوال کا چاند نظر نہ آنے پر آج تیسویں روزے کا اعلان کیا ہے، اس کے علاوہ لندن میں بھی بدھ کو عید الفطر منائی جائے گی۔