حکومت ملک وقوم کے مفاد میں بانی پی ٹی آئی کیساتھ بیٹھنے کو تیار ہے ‘رانا تنویر حسین

گالم گلوچ کی سیاست ترک کر کے جمہوری طریقہ ہی اپنانا ہوگا ،احتجاج کی آڑ میں بد امنی پھیلانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائیگی نواز شریف کو وزیر اعظم بننے سے کسی نے روکا نہ ہی پارٹی رکاوٹ بنی ،وزیر اعظم نہ بننے کا فیصلہ میاں نواز شریف نے خود کیا ‘وفاقی وزیر

جمعہ 12 اپریل 2024 13:25

حکومت ملک وقوم کے مفاد میں بانی پی ٹی آئی کیساتھ بیٹھنے کو تیار ہے ‘رانا ..
مریدکی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 اپریل2024ء) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) جمہوریت اور بات چیت پر یقین رکھتی ہے ، مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں کئے ،حکومت ملک اور قوم کے مفاد میں بانی پی ٹی آئی کیساتھ بیٹھنے کو تیار ہے مگر احتجاج کی آڑ میں بد امنی پھیلانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی ،بانی پی ٹی آئی کو گالم گلوچ کی سیاست کو ترک کرنا ہوگا ،جمہوری طریقہ ہی اپنانا ہوگا ،نواز شریف کو وزیر اعظم بننے سے کسی نے روکا اور نہ ہی پارٹی رکاوٹ بنی ،وزیر اعظم نہ بننے اور میاں شہباز شریف کو وزیر اعظم بنانے کا فیصلہ میاں نواز شریف نے خود کیا ۔

لیگی رہنما چوہدری ارشد ورک چوہدری انعام ورک کے ہمراہ سٹی پریس کلب مریدکے کے صدر رانا جعفر ،چیئرمین ڈاکٹر قمر منیر ،چیئرمین سپریم کونسل اللہ رکھا عامل ،وائس چیئرمیین میاں عمران الٰہی اور سینئر نائب صدر شیخ عمران صدیق سے گفتگو کرتے رانا تنویر حسین نے کہا کہ میڈیا نے مرچ مصالحہ لگا کر بات کی کہ میاں نواز شریف کے وزیر اعظم بننے میں کسی ادارے یا پارٹی نے رکاوٹ ڈالی جو کہ غلط ہے ،سچ یہ ہے کہ وزیر اعظم نہ بننے اور میاں شہباز شریف کو وزیراعظم بنانے کا فیصلہ میاں نواز شریف کا اپنا تھا ۔

(جاری ہے)

میاں نواز شریف کے کہنے پر ہم نے حکومت بنائی آج بھی فیصلے انکے چلتے ہیں ،میاں شہباز شریف پوری مسلم لیگ () میاں نواز شریف کے فیصلوں کی نہ صرف پابند ہے بلکہ ہم سب میاں نواز شریف کے وفادار ساتھی ہیں ،وہ آج کہیں تو ہم حکومت چھوڑنے کو تیار ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا کل بھی دوسرا نام میاں نواز شریف تھا آج بھی میاں نواز شریف ہی ہے ۔

مسلم لیگ (ن) جمہوریت اور بات چیت پر یقین رکھتی ہے ، مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں کئے ،حکومت ملک اور قوم کے مفاد میں بانی پی ٹی آئی کیساتھ بیٹھنے کو تیار ہے مگر احتجاج کی آڑ میں بد امنی پھیلانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی ۔وفاقی اور صوبائی حکومتیں اپنی آئنی قانونی زمہ داری پوری کرنے کیلئے ہر وقت تیار کھڑی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن ہمارے پرانے اتحادی ہیں میاں نواز شریف کیساتھ انکے ذاتی تعلقات ہیں جو مولانا فضل الرحمن کی شکایات ہیں اس میں ہمارا حصہ بہت کم ہے ،امید ہے مولانا فضل الرحمن کوئی ایسا قدم نہیں اٹھائیں گے جس سے ملک اور جمہوریت کو نقصان پہنچے ۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ان قوتوں کے آلہ کار ہیں جو پاکستان میں سیاسی عدم استحکام میں پہلے بھی ملوث تھیں اب بھی ملوث ہیں ،بانی پی ٹی آئی کو گالم گلوچ کی سیاست کو ترک کرنا ہوگا ،جمہوری طریقہ ہی اپنانا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی اداروں پر حملوں اور دہشت گردی کے واقعات کے پیچھے دشمن چھپا ہے جسکو ہمارے ادارے موثر جواب دے رہے ہیں ہم نے واضح کردیا ہے کہ بھارت یا کوئی اور ہو جو رویہ ہمارے ساتھ رکھے گا اسی زبان میں جواب دیا جائے گا ۔

رانا تنویر حسین نے کہا کہ بھارت پاکستان کیخلاف کھل کر جارحیت کرنے کا کبھی سوچ بھی نہیں سکتا اسے معلوم ہے پاکستان ہر وقت جواب دے سکتا ہے اس کیلئے کلبھوشن یادیو اور دو جنگی جہازوں کے گرانے کا جواب کبھی نہیں بھولے گا ،پاکستان ایک پرامن ایٹمی ملک ہے اور اپنی ذمہ داریوں پر ہمیشہ پورا اترا ہے ہم ہر ہمسائے اور ملک سے پرامن تعلقات چاہتے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ میاں شہباز شریف کا بطور وزیر اعظم دورہ سعودی عرب بہت تاریخی کامیاب رہا سعودی ولی عہد سے تاریخی ملاقات رہی سعودی ارب ریفائنری سمیت کئی شعبوں میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری پاکستان لیکر آرہا یے ہماری مشن بھی یہی ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کار آئیں ۔انہوں نے کہا کہ قطر ،یواے ای دیگر اسلامی ممالک کیساتھ میاں شہباز شریف کے بہت اچھے تعلقات ہیں ان ممالک نے ہمیشہ ہماری مشکل وقت میں مدد کی ۔

انہوں نے کہا کہ مشکل حالات ضرور ہیں مہنگائی بہت زیادہ ہے حکومت کی اولین ترجیح معیشت کی بحالی اور اکانومی درست کرنا ہے عالمی ادارے بھی کہنا شروع ہوگئے ہیں پاکستان کی معیشت درست سمت چل پڑی ہے مہنگائی پر قابو پالے گی ۔انہوں نے کہا کہ حکومت سال ڈیڑھ سال میں مہنگائی بے روزگاری پر قابو پالے گی مگر میں کہتا ہوں انشااللہ چند ماہ میں ہم مہنگائی پر قابو پالیں گے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم میاں شہباز شریف سمیت کوئی وزیر بھی سرکاری وسائل استعمال کررہا ہے اور نہ ہی تنخواہ لے رہا ہے۔