تارکین وطن کشمیریوں نے ہمیشہ مختلف عالمی فورمز پر بھارتی غاصبانہ قبضے ،ظلم و بربریت کو بے نقاب کیا ، سردارعتیق

اگست کے بعد دنیا بھر میں نریندر موودی کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف تارکین وطن کا کردار موثر ہے، سابق وزیراعظم آزاد کشمیر

بدھ 17 اپریل 2024 18:19

مظفرآباد/راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2024ء) آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے کہا کہ بیرون ممالک آباد کشمیری تارکین وطن جدو جہد آزادی کشمیر کے سفیر کی حیثیت رکھتے ہیں جنہوں نے ہمیشہ مختلف عالمی فورمز پر پوری قوت کے ساتھ ہندوستان کے غاصبانہ قبضے اور ظلم و بربریت کو بے نقاب کیا ہے خاص طور پر 5اگست کے بعد دنیا بھر کے اندر نریندر موودی کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف تارکین وطن کا ایک موثر کردار ہے۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے مجاہد منزل میں مسلم کانفرنس نارتھ امریکہ کے صدر سید آفتاب شاہ، سید اظہر علی شاہ، سید شاہ حسین اور سید مظہر حسین شاہ ملاقات سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ تارکین وطن نے جس طرح سے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنا جاندار موقف پیش کیا ہے وہ لائق تحسین ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کشمیر میں چلنے والی تحریک آزادی کامیاب ہو گی اقوام متحدہ کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق دلوانے کیلئے کردارادا کر ئے نہتے کشمیریوں کی جانوں کے ساتھ کرفیو، لاک ڈاؤن لگا کر جو ظلم ستم جاری ہے اقوام عالم کو آواز بلند کرتے ہوئے پیدائشی حق دینا ہو گا۔

جنوبی ایشیا ء اس وقت کئی ایٹمی طاقتوں کے درمیان کشمکش کامحور بن گیا ہے۔تین ایٹمی ممالک آمنے سامنے ہیں اور اس کی وجہ مسئلہ کشمیر ہے۔ ہندوستان کو کشمیر پر اپنے اقدامات کی سزا بھگتنی پڑے گی۔ 6لاکھ معصوم بچوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔بھارت کی جانب سے تحریک آزادی کو کچلنے کیلئے ہرحربہ استعمال کیاگیا لیکن کشمیریوں نے ہرحربے کا مقابلہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ نے کشمیریوں سے حق خودارادیت کا جو وعدہ کیاتھا عالمی برادری اس پرعملدرآمد کروائے۔انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ اپنا دوہرا معیار ختم کرے۔دوہرے معیار کی وجہ سے خود اقوام متحدہ کی ساکھ ختم ہورہی ہے اور اقوام متحدہ کو اب صرف مغرب کا نمائندہ سمجھاجارہا ہے۔