پاکستان میں بارشوں کا حالیہ سلسلہ 22 اپریل تک وقفے وقفے جاری رہنے کا امکان

جمعہ 19 اپریل 2024 20:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اپریل2024ء) این ڈی ایم اے الرٹ جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں بارشوں کاحالیہ سلسلہ 22 اپریل تک وقفے وقفے جاری رہنے کا امکان ہے ،حالیہ سلسلے کے باعث بلوچستان میں خصوصاً کیچ، قلات، خضدار، اواران کے علاقوں میں سیلابی صورتحال متوقع ہے ۔خیبرپختونخواہ میں 21اپریل تک دیر مالاکنڈ، سوابی، کوہستان، مردان، شانگلہ، چارسدہ، سوات، نوشہرہ کے علاقوں میں سیلاب کا خطرہ ہے ۔

پنجاب میں ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں بھی سیلابی صورتحال متوقع ہے ۔ 25 تا 29 اپریل کے دوران بلوچستان،خیبر پختونخواہ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے چند مقامات مزید بارش اور ڑالہ باری متوقع ہے این ڈی ایم اے نے تمام پی ڈی ایم ایز اور دیگر انتظامی اداروں کو کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے ۔

(جاری ہے)

کاشتکار فصل خصوصاً گندم کی کٹائی کے حوالے سے موسم کو مد نظر رکھتے ہوئے معمولات تشکیل دیں۔سیاح و مسافر پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں۔سفر ضروری ہو تو موسم اور راستوں کی صورتحال سے آگاہ رہیں۔برساتی ندی نالوں کو پار کرنے سے گریز کریں ۔بجلی کے کھمبوں،کچی عمارتوں، ٹوٹی دیواروں اور چھتوں سے دور رہیں ۔ نشیبی علاقوں کے مکین سیلاب کے خدشے کے پیش نظر محتاط رہیں۔آسمانی بجلی چمکتے وقت سائیکل، موٹر سائیکل یا بغیر چھت کے گاڑیوں میں سفر کرنے سے اجتناب کریں ۔اونچی عمارتوں، درختوں، کھمبوں، پہاڑیوں، اینٹیناز، موبائیل ٹاور ز وغیرہ سے دور ہو جائیں