Live Updates

ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی جاری

قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 21 نشستوں پر صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہی

Sajid Ali ساجد علی اتوار 21 اپریل 2024 17:01

ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کا وقت ختم، ووٹوں کی گنتی جاری
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اپریل 2024ء ) ملک بھر میں ضمنی انتخابات کیلئے پولنگ کا وقت ختم ہوگیا اور ووٹوں کی گنتی شروع کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ضمنی انتخابات میں الیکشن کمیشن کا پولنگ کا وقت نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا، جس کی وجہ سے ضمنی الیکشن میں پولنگ گا عمل مقررہ وقت پر 5 بجے ختم ہوگیا، ووٹنگ کا وقت ختم ہونے پر تمام پولنگ سٹیشنز کے دروازے شام 5 بجے بند کر دیئے گئے، تاہم اس دوران پولنگ سٹیشن کے احاطے کے اندر موجود لوگوں کو ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت دی گئی۔

بتایا جارہا ہے کہ ملک میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی 21 نشستوں پر ضمنی الیکشن کے لیے صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہا ، ضمنی الیکشن کے سلسلے میں صوبہ پنجاب اور خیبر پختونخوا سے قومی اسمبلی کی 2،2 اور صوبہ سندھ کی ایک نشست پر پولنگ ہوئی اس کے علاوہ پنجاب میں 12، خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں 2،2 صوبائی نشستوں پر بھی ووٹرز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ ضمنی الیکشن میں وزیر اعظم شہباز شریف کی خالی کردہ نشست این اے 132 قصور پر ن لیگ کے ملک رشید احمد خان اور پاکستان تحریک انصاف کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے سردار محمد حسین ڈوگر مدمقابل ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خالی کی ہوئی نشست این اے 119 لاہور پر ن لیگی امیدوار علی پرویز ملک کا پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سنی اتحاد کونسل کے شہزاد فاروق سے مقابلہ ہے، صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی خالی کردہ نشست این اے 44 پر آزاد امیدار فیصل امین گنڈاپور اور پیپلز پارٹی کے عبدالرشید کنڈی میں کانٹے کے مقابلے توقع کی جارہی ہے۔  
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات