بھارتی فوجیوں نے بارہمولہ میں دو نوجوان شہیدکر د یئے ، بی جے پی اورآر ایس ایس کے غنڈوں کی مسجد میں توڑ پھوڑ

جمعہ 26 اپریل 2024 21:11

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 اپریل2024ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران جمعہ کوضلع بارہمولہ کے علاقے نوپورہ سوپور میں دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے نوجوانوں کو محاصر ے اور تلاشی کی ایک پر تشدد کارروائی کے دوران شہید کیا۔

فوجیوں نے علاقے میں ایک نوجوان کو گولی مار کر زخمی بھی کیا۔بھارتی فوجیوں نے نوپور ہ میں آپریشن گزشتہ روز شروع کیا تھا جو آخری اطلاعات تک جاری تھا۔ قبل ازیں اسی علاقے میں بھارتی فوج کے دو اہلکار ایک حملے میں زخمی ہو گئے تھے۔ قابض انتظامیہ نے بھارتی فوج کے آپریشن کے پیش نظر تحصیل سوپور کے تمام سرکاری ونجی کالجوں اور سکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں معطل کر دیں۔

(جاری ہے)

ہندوتوا آر ایس ایس اور بی جے پی کے غنڈوں نے کشمیری مسلمانوں کے خلاف مذہبی جارحیت جاری رکھتے ہوئے گزشتہ شب بھارتی فوج کے تعاون سے ضلع پلوامہ کے علاقے ڈاڈسر ترال کی ایک مسجد کے بعض حصوں کو نقصان پہنچایا ۔ہندوتوا غنڈوں نے قرآن پاک اور ایک مزار کی بے حرمتی کی بھی کوشش کی۔ یاد رہے کہ نریندر مودی کی زیر قیادت بی جے پی حکومت مسلمانوں کو محکوم بنا کر انتہا پسند ہندوتوا نظر یہ کو فروغ دے رہی ہے ۔

بی جے پی نہ صرف مقبوضہ کشمیر بلکہ پورے ہندوستان میں مسلمانوں کے مقدس مقامات پر حملے بھی کر رہی ہے ۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں دو کشمیری نوجوانوں کے قتل کی شدید مذمت کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے کشمیریوں کی جاری تحریک آزادی کو دبانے کیلئے مقبوضہ جموںوکشمیر میں اپنی ریاستی دہشت گردی کو تیز کر دیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجی کشمیریوں کو اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پر محاصرے اور تلاشی کی پر تشدد کارروائیوں کے دوران قتل کر رہے ہیں اور انہیں جعلی مقدمات میں گرفتار کیاجارہا ہے ۔حریت ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کے خلاف جاری مظالم پر جواب دہ ٹھہرائے۔ دریں اثناء کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ کے رہنما محمد یوسف تاریگامی نے ضلع کولگام میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی حکومت کشمیریوں کی منفرد شناخت کومٹانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ انہوں نے کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ ہندوتوا حکومت کے مذموم ایجنڈے کو ناکام بنانے کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد واتفاق کو فروغ دیں ۔