مودی حکومت پارلیمانی انتخابات کے ذریعے کشمیرکی صورتحال بارے دنیا کو گمراہ کرنا چاہتی ہے ، ترجمان کل جماعتی حریت کانفرنس

ہفتہ 27 اپریل 2024 15:01

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 اپریل2024ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ نریندر مودی کی زیر قیادت بی جے پی کی ہندوتوا بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے میں پارلیمانی انتخابات کے انعقاد کے ذریعے یہا ں کی صورتحال کے حوالے سے دنیا کو گمراہ کرنا چاہتی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کہا کہ بھارتی حکومت انتخابات کے ذریعے مقبوضہ علاقے میں حالات معمول پر ہونے کے اپنے بے بنیا د دعوئوں کو تقویت دینا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے طاقت کے بل پر اپنے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر پر قبضہ جما رکھا ہے اور اس نے علاقے میں دس لاکھ سے زائد فورسز اہلکار تعینات کر انہیں نہتے عوام پر ہر طرح کا ظلم وستم روا رکھنے کی کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر اس وقت دنیا کا سب سے زیادہ فوجی تعیناتی والا خطہ بن چکا ہے ۔

ترجمان نے ہندوتوا غنڈوں کی طرف سے ترال میں مسجد ، قرآن پاک اور درگاہ کے تقدس کی پامالی کی کوشش پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں کشمیریوں کے لیے ناقابل قبول ہیں اور وہ ان کا بھرپور عزم کے ساتھ مزاحمت کریں گے۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے پیپلز کانفرنس کے چیئرمین سجاد غنی لون کے اس پروپیگنڈے کو مسترد کر دیا جس میں انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں علیحدگی پسندی کا نظریہ دم توڑ چکا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ سجاد لون بھارتی ایجنسیوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں ،ان کا بیان انتہائی مضحکہ خیز اور کشمیریوں کے جذبات اور امنگوں کے منافی ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ ہندو توا جماعتوں آر ایس ایس بی جے پی کا کشمیر اور مسلم دشمن ایجنڈا سب کو معلوم ہے جسے وہ مقامی کٹھ پتلیوں کے ذریعے منصوبہ بند طریقے سے انجام دینے کی کوشش کر رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیری اس طرح کے کٹھ پتلیوں کو مسترد کر چکے ہیں اور وہ اپنے عظیم شہداکے مقدس مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کےلئے پر عزم ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت بے انتہا قتل وغارت کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام رہا ہے ، تحریک آزادی کےساتھ ان کی وابستگی انتہائی گہری اور مضبوط ہے ، پاکستان میں شامل ہونا کشمیریوں کا ایک دیرینہ خواب ہے جو ایک دن ضرور پورا ہوگا۔